ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ ہیما مالنی اپنے شوہر اور آنجہانی اداکار دھرمیندر کو ان کی سالگرہ پر یاد کرکے جذباتی ہوگئیں۔
بالی ووڈ کے ”ہی مین“ کہلائے جانے والے دھرمیندر کا 24 نومبر کو انتقال ہوگیا تھا۔
ان کی پیدائش 08 دسمبر 1935 کو ہوئی تھی۔
آج دھرمیندر کی 90ویں سالگرہ ہے۔
دھرمیندر کی سالگرہ پر ان کا پورا خاندان نم آنکھوں سے انہیں یاد کر رہا ہے۔
ہیما مالنی نے بھی اپنے انداز میں انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔
ہیما مالنی نے ”ایکس“ پر اپنے جذباتی پوسٹ میں لکھا:“دھرم جی، جنم دن مبارک ہو۔
تم ہمیشہ میرے ساتھ رہو گے۔
ہماری زندگی کی خوشگوار یادیں کبھی مٹ نہیں سکتیں۔
ان لمحوں کو دوبارہ محسوس کرنا مجھے بہت سکون اور خوشی دیتا ہے۔
ہمارے ساتھ گزارے ہوئے خوشیوں بھرے لمحے ہمیشہ دل میں رہیں گے۔
ہیما مالنی نے اس پوسٹ کے ساتھ دو خوبصورت تصویریں بھی شیئر کیں جن میں دھرمیندر اور ہیما دونوں مسکراتے دکھائی دے رہے ہیں۔
دھرمیندر اور ہیما مالنی کی بیٹی ایشا دیول نے بھی سوشل میڈیا پر اپنے والد کے ساتھ تصویریں شیئر کرتے ہوئے ایک جذباتی پوسٹ لکھی۔
سنی دیول نے بھی دھرمیندر کے ساتھ ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے انہیں یاد کیا۔