National News

عرب لیگ نے سوڈان کے جنوبی کردفان میں ڈرون حملے کی مذمت کی

عرب لیگ نے سوڈان کے جنوبی کردفان میں ڈرون حملے کی مذمت کی

قاہرہ:عرب لیگ نے اتوار کو سوڈان کی ریاست جنوبی کردفان کے شہر کالوگی میں شہریوں کے قتل کو جنگی جرائم قرار دیتے ہوئے مذمت کی ہے۔ رواں ہفتے کے اوائل میں ہونے والے ڈرون حملے میں کم از کم 114 افراد ہلاک ہوئے تھے، جن میں 63 بچے بھی شامل تھے۔
قاہرہ میں واقع ایک تنظیم نے ایک بیان میں اس حملے کو بین الاقوامی انسانی قانون کی صریح خلاف ورزی اور سوڈان کی سالمیت کے لیے خطرہ قرار دیا اور آزادانہ تحقیقات اور جواب دہی طے کیے جانے کا مطالبہ کیا۔
جنوبی کردفان کے گورنر محمد ابراہیم عبدالکریم نے اتوار کو بتایا کہ جمعرات کو ہونے والے اس حملے میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 114 ہو گئی ہے، جبکہ تقریباً 71 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ یہ تعداد مزید بڑھ سکتی ہے۔
سوڈانی حکام نے اپوزیشن کے سوڈان پیپلز لبریشن موومنٹ-شمال (ایس پی ایل ایم – این) پر نیم فوجی ریپڈ سپورٹ فورسز (آر ایس ایف) کے ساتھ مل کر یہ حملہ کرنے کا الزام لگایا ہے، جس کے بارے میں ان کا کہنا ہے کہ اس نے شہری علاقے کو نشانہ بنایا۔ تاہم، نہ توآر ایس ایف اور نہ ہی ایس پی ایل ایم – این نے اس حملے پر کوئی تبصرہ کیا ہے۔
سوڈانی فوج اور آر ایس ایف کے درمیان اپریل 2023 میں شروع ہونے والی لڑائی میں ہزاروں افراد ہلاک اور لاکھوں بے گھر ہو چکے ہیں، جس کے نتیجے میں دنیا کا بدترین انسانی بحران پیدا ہو گیا ہے۔ اقوام متحدہ کی ایجنسیوں نے خبردار کیا ہے کہ کردفان خطے میں حالیہ دنوں میں تشدد میں اضافہ ہوا ہے، جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر نقل مکانی اور لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔



Comments


Scroll to Top