Latest News

پھانسی سے ٹھیک پہلے نربھیا کیس کے مجرم اکشے کی بیوی نے کورٹ میں داخل کی طلاق کی عرضی، سماعت 19 مارچ کو

پھانسی سے ٹھیک پہلے نربھیا کیس کے مجرم اکشے کی بیوی نے کورٹ میں داخل کی طلاق کی عرضی، سماعت 19 مارچ کو

نیشنل ڈیسک :ملک کے  مشہور نربھیا اجتماعی عصمت دری اور قتل کے معاملے  میں مجرم قرار دئیے گئے نوینگر ڈویژن کے لہنگ کرما گاؤں کے رہنے والے اکشے ٹھاکر کی بیوی پنیتا نے طلاق کی عرضی داخل کی ہے۔ پنیتا  نے یہ عرضی اورنگ آباد فیملی کورٹ کے چیف جسٹس رام لال شرما کی عدالت میں دی ہے۔ 
اکشے کی بیوی نے اپنی عرضی میں کہا ہے کہ ان کے شوہر کو ریپ کے معاملے میں قصوروار ٹھہرایا گیا ہے اور انہیں پھانسی دی جانی ہے ۔ حالانکہ  وہ بے قصور ہیں، ایسے میں وہ ان کی بیوہ بن کر نہیں رہنا چاہتی۔ اس لئے انہیں شوہر سے طلاق چاہئے۔ جانکاری کے مطابق، اس معاملے  میں 19 مارچ کو سماعت کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔
اکشے ٹھاکر کی بیوی کے ایڈوکیٹ مکیش کمار سنگھ نے بتایا کہ متاثرہ خاتون کو قانونی حق ہے کہ وہ ہندو میرج ایکٹ 13 (2) (II) کے تحت کچھ خاص معاملات  میں طلاق کا حق پا سکتی ہے ۔اس میں ریپ کا معاملہ بھی شامل ہے۔ اگر ریپ کے معاملے میں کسی خاتون کے شوہر کو مجرم ٹھہرا دیا جاتا ہے، تو وہ طلاق کے لئے عرضی داخل کر سکتی ہے۔
واضح رہے کہ نربھیا  کیس میں جن چار قصورواروں کو پھانسی کی سزا سنائی گئی ہے، ان میں بہار کے اورنگ آباد ضلع کے نوینگر ڈویژن کے گاؤں لہنگ کرما کا اکشے ٹھاکر بھی شامل ہے۔  نربھیا کے تمام قصورواروں ونے شرما، اکشے سنگھ ٹھاکر، پون گپتا اور مکیش کو 20 مارچ کی صبح ساڑھے پانچ بجے پھانسی دی جانی ہے۔ 
اس سے پہلے نربھیا گینگ ریپ معاملے میں نیا موڑ تب آ گیا تھا جب پھانسی کی سزا پانے والے چاروں قصورواروں کے اہل خانہ نے صدر رام ناتھ کووند کو خط لکھ کر ' اچھا مرتیو' اجازت مانگی تھی۔  اچھا مرتیو  مانگنے والوںمیں قصورواروں کے بوڑھے والدین، بھائی بہن اور ان کے بچے بھی شامل تھے۔
 



Comments


Scroll to Top