نیشنل ڈیسک: آندھرا پردیش سے تعلق رکھنے والے اور طویل عرصے سے امریکہ میں مقیم ایک میاں بیوی واشنگٹن میں پیش آنے والے ایک سڑک حادثے میں جاں بحق ہو گئے۔ پولیس افسران نے پیر کے روز اس افسوسناک واقعے کی اطلاع دی۔
جاں بحق ہونے والوں کی شناخت کے کرشنا کشور (49 ) اور ان کی اہلیہ آشا( 45) طور پر ہوئی ہے۔ کرشنا کشور آندھرا پردیش کے مغربی گوداوری ضلع کے پالاکوللو کے رہنے والے تھے۔ وہ سن 1999 میں امریکہ چلے گئے تھے۔ بعد میں ان کی شادی کاکیناڈا کی رہنے والی آشا سے ہوئی جو پہلے ہی امریکہ میں مقیم تھیں۔ پولیس کے مطابق یہ حادثہ اتوار کو واشنگٹن میں پیش آیا جس کے باعث مغربی گوداوری ضلع میں رہنے والے ان کے اہل خانہ پر غموں کا پہاڑ ٹوٹ پڑا ہے۔
خاندان کی حالت اور پس منظر
کرشنا کشور کے والد پرشوتم جنہیں آنکھوں سے کم دکھتا ہے اور ان کی والدہ اب بھی آندھرا پردیش کے مغربی گوداوری ضلع میں ہی رہتے ہیں۔ اس جوڑے کے دو بچے ہیں ایک بیٹا اور ایک بیٹی۔ اس کے علاوہ کرشنا کشور کی ایک بہن بھی امریکہ میں ہی رہتی ہیں۔ اہل خانہ کے مطابق دونوں میاں بیوی پیشے کے لحاظ سے سافٹ ویئر انجینئر تھے اور امریکہ میں اچھی طرح سے آباد تھے۔
نئے سال کی تقریبات کے بعد واپسی کے دوران حادثہ
خاندان کے رشتہ دار ماروتی رام نے بتایا کہ یہ جوڑا23 دسمبر کو ہندوستان آیا تھا۔ اس کے بعد وہ نیا سال منانے کے لیے دبئی چلے گئے۔ نئے سال کی تقریبات کے بعد وہ امریکہ واپس آ رہے تھے۔ ماروتی رام کے مطابق دبئی سے امریکہ جانے والی ایک پرواز وہ چھوڑ بیٹھے۔ اس کے بعد انہوں نے کسی دوسرے مقام کے لیے دوسری پرواز بک کی۔ وہاں پہنچنے کے بعد وہ گاڑی کے ذریعے اپنے گھر کی طرف جا رہے تھے کہ واشنگٹن ڈی سی کے قریب یہ ہولناک حادثہ پیش آ گیا۔
غلط سمت سے آنے والے ٹرک نے ماری ٹکر
حادثے کے وقت گاڑی میں میاں بیوی کے دونوں بچے بھی موجود تھے۔ اسی دوران غلط سمت سے آنے والے ایک ٹرک نے ان کی گاڑی کو زور دار ٹکر مار دی۔ اس حادثے میں کرشنا کشور اور آشا موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ تاہم اس جوڑے کے دونوں بچے اس حادثے میں بچ گئے لیکن وہ شدید زخمی ہو گئے۔ 21سالہ بیٹی اور 16سالہ بیٹے کا ہسپتال میں علاج جاری ہے اور دونوں کی سرجری بھی کی جا چکی ہے۔
امریکہ میں ہی آخری رسومات
یہ حادثہ ہندوستانی وقت کے مطابق اتوار کی دوپہر کو پیش آیا تھا۔ حادثے کی اطلاع شام کے وقت خاندان کو دی گئی۔ رشتہ داروں نے بتایا کہ میاں بیوی کی آخری رسومات امریکہ میں ہی ادا کی جائیں گی۔ یہ واقعہ نہ صرف خاندان بلکہ آندھرا پردیش میں ان کے گاؤں اور رشتہ داروں کے لیے بھی گہرے صدمے کا سبب بن کر سامنے آیا ہے۔