Latest News

کینیڈا میں ہندوستانیوں کی سلامتی پر سوال : ہمانشی کُھرانہ کے بعد ٹورنٹو میں شِوانک اوستھی کا گولی مار کر قتل

کینیڈا میں ہندوستانیوں کی سلامتی پر سوال : ہمانشی کُھرانہ کے بعد ٹورنٹو میں شِوانک اوستھی کا گولی مار کر قتل

انٹرنیشنل ڈیسک: کینیڈا میں مقیم ہندوستانی شہریوں کی سلامتی کے حوالے سے تشویش ایک بار پھر گہری ہو گئی ہے۔ ہندوستانی  نژاد ہمانشی کُھرانہ کے قتل کے چند ہی دن بعد اب 20 سالہ شِوانک  اوستھی کو ٹورنٹو میں گولی مار کر قتل کر دیا گیا ہے۔ یہ تازہ واقعہ یونیورسٹی آف ٹورنٹو کے اسکاربرو کیمپس( UTSC ) کے قریب پیش آیا، جس سے وہاں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ اور خاص طور پر  ہندوستانی  برادری میں خوف اور غصہ دونوں دیکھنے میں آ رہے ہیں۔
یونیورسٹی آف ٹورنٹو کے قریب دن دہاڑے فائرنگ
ٹورنٹو پولیس کے مطابق یہ واردات منگل کی دوپہر تقریبا 3 بج کر 30 منٹ پر پیش آئی۔ جائے وقوعہ ہائی لینڈ کریک ٹریل اور اولڈ کنگسٹن روڈ کا علاقہ ہے، جو یونیورسٹی کیمپس کے بہت قریب سمجھا جاتا ہے۔ فائرنگ کے دوران شِوانک اوستھی کو گولی لگی اور موقع پر ہی انہیں مردہ قرار دے دیا گیا۔ پولیس کے پہنچنے سے پہلے ہی ملزم موقع سے فرار ہو گیا، جس کی تلاش جاری ہے۔
مقتول کی شناخت اور پولیس کی اپیل
پولیس نے مقتول کی شناخت شِوانک اوستھی، عمر 20 سال، ٹورنٹو کے رہائشی کے طور پر کی ہے۔ تاہم فی الحال یہ واضح نہیں ہو سکا ہے کہ شیوانک یونیورسٹی آف ٹورنٹو کے طالب علم تھے یا نہیں۔ تفتیش کو آگے بڑھانے کے لیے پولیس نے شِوانک  کی تصویر جاری کی ہے اور عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کے پاس اس واقعے سے متعلق کوئی معلومات ہوں تو وہ پولیس سے رابطہ کرے۔
کیمپس کو عارضی طور پر بند کیا گیا
واقعے کے بعد سلامتی وجوہات کی بنا پر UTSC کیمپس کو کچھ وقت کے لیے بند کر دیا گیا۔ طلبہ اور عملے کو محفوظ مقامات پر رہنے اور باہر نہ نکلنے کی ہدایات دی گئیں۔ اس کے علاوہ ہائی لینڈ کریک ویلی کی طرف جانے والے راستوں کو بھی عارضی طور پر بند کر دیا گیا تھا۔ تاہم حالات کا جائزہ لینے کے بعد یونیورسٹی انتظامیہ نے واضح کیا کہ کیمپس کے لیے اس وقت کوئی خطرہ موجود نہیں ہے اور بعد میں پابندیاں ہٹا لی گئیں۔
پولیس کا بیان، عام لوگوں کو خطرہ نہیں
ٹورنٹو پولیس کے سینئر افسر جیف ایلنگٹن نے کہا کہ فی الحال ایسے کوئی آثار نہیں ہیں جن سے یہ لگے کہ عام لوگوں کو کوئی خطرہ لاحق ہے۔ پولیس کا خیال ہے کہ یہ واقعہ ایک الگ اور مخصوص واردات ہو سکتا ہے، تاہم ہر پہلو سے تحقیقات جاری ہیں۔
اس سے پہلے ہمانشی کھرانہ کا قتل
اس سے قبل 30 سالہ ہندوستانی نژاد خاتون ہمانشی کھرانہ کو بھی ٹورنٹو میں قتل کر دیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ 19 اور 20 دسمبر کی درمیانی رات کا ہے۔ ٹورنٹو پولیس نے بتایا کہ 19 دسمبر 2025 کی رات تقریبا 10 بج کر 41 منٹ پر اسٹریچن ایونیو اور ویلنگٹن اسٹریٹ ویسٹ کے علاقے سے ایک لاپتہ شخص کی کال موصول ہوئی تھی۔ اس کے بعد ہفتے کی صبح تقریبا 6 بج کر 30  منٹ پر پولیس کو ایک رہائشی مکان کے اندر خاتون کی لاش ملی۔ موقع پر تفتیش کے بعد پولیس نے اس موت کو قتل قرار دیا۔
ملزم کے خلاف وارنٹ جاری
پولیس نے مقتولہ کی شناخت ٹورنٹو کی رہائشی ہندوستانی نژاد ہمانشی کھرانہ (30 )  کے طور پر کی ہے۔ اس معاملے میں پولیس نے 32 سالہ عبدالغفوری کے خلاف گرفتاری کا وارنٹ جاری کیا ہے، جو ٹورنٹو کا ہی رہائشی بتایا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم اور مقتولہ ایک دوسرے کو جانتے تھے۔ دونوں کے درمیان قریبی تعلقات تھے۔
بڑھتے ہوئے قتل، ہندوستانی برادری میں تشویش
پولیس کے اعداد و شمار کے مطابق یہ 2025 میں ٹورنٹو کا 41 واں  قتل ہے۔ مسلسل سامنے آتے ایسے واقعات نے کینیڈا میں مقیم ہندوستانی طلبہ، کام کرنے والے نوجوانوں اور خاندانوں کی سلامتی پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ ہندوستانی برادری اب مقامی انتظامیہ سے سلامتی بڑھانے، فوری تحقیقات اور مجرموں کی جلد گرفتاری کا مطالبہ کر رہی ہے۔
 



Comments


Scroll to Top