National News

چین نے 15گھنٹے حراست میں رکھا بھارتی ٹریول ولاگر ، باتھ روم جانے سے روکا اور پانی تک نہیں دیا

چین نے 15گھنٹے حراست میں رکھا بھارتی ٹریول ولاگر ، باتھ روم جانے سے روکا اور پانی تک نہیں دیا

بیجنگ۔ بھارتی ٹریول ولاگر اننت مِتّل، جنہیں سوشل میڈیا پر آن روڈ انڈین کے نام سے جانا جاتا ہے، نے چین میں اپنی مبینہ حراست کے تجربے سے متعلق سنسنی خیز دعویٰ کیا ہے۔ اننت کے مطابق سولہ نومبر کو چین کے ایک ایئرپورٹ پر چینی حکام نے انہیں روک لیا اور تقریباً پندرہ گھنٹے تک حراست میں رکھا۔ اننت نے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ویڈیو میں بتایا کہ حراست کے دوران کئی گھنٹوں تک ان سے کوئی بات چیت نہیں کی گئی۔ ان کا کہنا ہے کہ انہیں باتھ روم جانے کی اجازت نہیں دی گئی اور بار بار مطالبہ کرنے کے بعد ہی تھوڑا سا پانی فراہم کیا گیا۔


اننت کے مطابق چینی حکام نے ان کے بیگ اور ذاتی سامان کی گہری تلاشی لی، تاہم اس میں کوئی بھی غیر قانونی چیز نہیں ملی۔ اس کے باوجود ان سے لمبی پوچھ گچھ کی گئی۔ اننت کا دعویٰ ہے کہ یہ پوری کارروائی ان کے اروناچل پردیش سے متعلق تبصرے کی وجہ سے ہوئی۔ تقریباً پندرہ گھنٹے بعد جب پوچھ گچھ مکمل ہوئی تو انہیں رہا کر دیا گیا۔

اس واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر چین میں اظہارِ رائے کی آزادی، حساس سیاسی معاملات اور غیر ملکی شہریوں کے ساتھ برتاو کے حوالے سے بحث تیز ہو گئی ہے۔ تاہم اس معاملے پر چینی حکام کی جانب سے کوئی سرکاری ردعمل سامنے نہیں آیا ہے اور یہ دعویٰ فی الحال ولاگر کے ذاتی بیان پر مبنی ہے۔



Comments


Scroll to Top