نیشنل ڈیسک: رواں سال ملک بھر میں مون سون پوری طاقت کے ساتھ آیا ہے۔ موسلادھار بارش سے جہاں گرمی سے راحت ملی ہے وہیں کئی ریاستوں میںتباہی بھی مچا دی ہے۔ ملک بھر میں درجہ حرارت گر گیا ہے لیکن اس کے ساتھ ہی دریاوں، جھیلوں، ڈیموں اور تالابوں کے پانی کی سطح خطرے کے نشان سے اوپر پہنچ گئی ہے۔ پہاڑی علاقوں سے لے کر میدانی علاقوں تک سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔
ہندوستانی محکمہ موسمیات (IMD) نے 8 سے 13 ستمبر کے درمیان ملک کے کئی حصوں میں موسلادھار بارش کا تازہ الرٹ جاری کیا ہے۔ خاص طور پر شمالی ہندوستان، راجستھان، بہار، اتراکھنڈ، پنجاب، اتر پردیش اور شمال مشرق کی ریاستوں میں اگلے چند دنوں تک بارش کی شدید شکل دیکھی جا سکتی ہے۔
راجستھان میں بارش کی شدت، اسکول اور کالج بند
راجستھان کے کئی اضلاع اس وقت طوفانی بارش کی لپیٹ میں ہیں۔ راجسمند، جیسلمیر، جالور، سروہی، ادے پور، ڈنگر پور، پالی، جودھ پور، باڑمیر اور بلوترا میں شدید بارش کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے ان علاقوں کے لیے ریڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے لوگوں کو محتاط رہنے کو کہا ہے۔
اس انتباہ کے پیش نظر سروہی، جالور، جیسلمیر، باڑمیر، ڈنگر پور، بلوترا، بانسواڑہ اور سالمبر اضلاع میں تمام سرکاری اور نجی اسکولوں اور آنگن واڑی مراکز میں تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔
پنجاب میں سیلاب نے تباہی مچا دی، 1900 دیہات زیر آب آگئے۔
پنجاب اس وقت شدید سیلاب سے نبرد آزما ہے۔ ریاست کے تمام 23 اضلاع میں سیلاب کا اثر نظر آرہا ہے۔ اب تک 1900 سے زائد دیہات پانی میں ڈوب چکے ہیں اور 4 لاکھ سے زائد لوگ متاثر ہوئے ہیں۔ تقریباً 40 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے، اور ڈیڑھ لاکھ ہیکٹر فصلیں تباہ ہو گئی ہیں۔ این ڈی آر ایف کی ٹیمیں راحت اور بچاو¿ کے کاموں میں لگاتار مصروف ہیں، لیکن صورتحال اب بھی سنگین ہے۔
اتراکھنڈ میں یلو الرٹ، ندیوں اور ندی نالوں سے دور رہنے کا مشورہ
محکمہ موسمیات نے اتراکھنڈ کے چمولی، دہرادون، ہریدوار، جوشی مٹھ، مسوری، نینیتال، پتھورا گڑھ، ٹہری اور اترکاشی میں 13 ستمبر تک یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ یہاں موسلادھار بارش، لینڈ سلائیڈنگ اور بادل پھٹنے جیسے واقعات پیش آ سکتے ہیں۔ لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ پہاڑوں اور دریا کے کنارے جانے سے گریز کریں۔
بہار، یوپی اور دہلی-این سی آر میں بھی الرٹ
بہار میں 9 ستمبر سے 13 ستمبر تک تیز بارش اور آسمانی بجلی گرنے کا خطرہ ہے۔
خاص طور پر مشرقی چمپارن، سیتامڑھی، پورنیہ، ویشالی، سیوان، کٹیہار، مظفر پور اور سمستی پور اضلاع میں ہائی الرٹ ہے۔
اتر پردیش
اتر پردیش کے مغربی اور مشرقی حصوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ 8 سے 13 ستمبر تک موسم مرطوب رہے گا۔
دہلی-این سی آر
دہلی-این سی آر میں 9 اور 10 ستمبر کو بارش کا امکان کم ہے، لیکن 11-12 ستمبر کو بادلوں کی آمد کے ساتھ بھاری بارش ہو سکتی ہے۔