نئی دہلی:ملک کے نئے نائب صدر کا انتخاب ا±س انتخابی کالج کے موجودہ 781 ارکان کریں گے جو اس عہدے کے لئے منگل کو ہونے والی ووٹنگ میں حکمراں قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کے امیدوار سی پی رادھا کرشنن اور انڈیا اتحاد کے امیدوار جسٹس بی سدرشن ریڈی کی قسمت کا فیصلہ کریں گے۔
آئین کی دفعہ 66(1) کے مطابق،ہندوستان کے نائب صدر کا انتخاب ایک انتخابی کالج کے ذریعہ کیا جاتا ہے، جس میں راجیہ سبھا کے منتخب ارکان، نامزد ارکان اور لوک سبھا کے منتخب ارکان شامل ہوتے ہیں۔
صدر جمہوریہ اور نائب صدرجمہوریہ کے انتخاب کا قانون، 1952 کی دفعہ 4 کی ذیلی دفعات (4) اور (1) کے تحت، انتخابی کمیشن نے 7 اگست کو نوٹیفکیشن جاری کی تھی۔
لوک سبھا میں کل ارکان کی تعداد 543 ہے، لیکن اس وقت ایک نشست خالی ہونے کی وجہ سے 542 ارکان انتخابی کالج میں شامل ہیں۔ راجیہ سبھا میں کل ارکان کی تعداد 245 ہے، لیکن وہاں چھ نشستیں خالی ہیں اور وہاں سے 239 ارکان ووٹ ڈال سکتے ہیں۔
اس طرح نائب صدر کے 17ویں انتخاب میں ووٹ ڈالنے کے اہل ارکان کی کل موجودہ تعداد 781 ہے اور کسی بھی امیدوار کو جیتنے کے لیے کم از کم 391 ووٹوں کی ضرورت ہوگی۔