Latest News

اپنی 75 فیصد دولت عطیہ کریں گے ویدانتا گروپ کے چیئرمین ، بیٹے کی موت کے بعد پریوار پر ٹوٹا دکھوں کا پہاڑ، کہا- سادگی سے جیوں گا پوری زندگی

اپنی 75 فیصد دولت عطیہ کریں گے ویدانتا گروپ کے چیئرمین ، بیٹے کی موت کے بعد پریوار پر ٹوٹا دکھوں کا پہاڑ، کہا- سادگی سے جیوں گا پوری زندگی

نیشنل ڈیسک: ویدانتا گروپ کے چیئرمین انل اگروال ان دنوں اپنی زندگی کے سب سے مشکل دور سے گزر رہے ہیں۔ بیٹے اگنویش اگروال کے اچانک انتقال نے انہیں اندر سے ہلا کر رکھ دیا ہے۔ اس گہرے صدمے کے درمیان انہوں نے ایک ایسے فیصلے کا اعادہ کیا ہے جس نے سب کی توجہ اپنی طرف کھینچ لی ہے۔ انل اگروال نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنی کل کمائی کا75  فیصد سے زیادہ حصہ سماج کے لیے عطیہ کریں گے اور آئندہ زندگی نہایت سادگی سے گزاریں گے۔
بیٹے سے کیا تھا آخری وعدہ
انل اگروال نے اپنی جذباتی سوشل میڈیا پوسٹ میں بتایا کہ یہ عہد انہوں نے اپنے بیٹے اگنویش سے کیا تھا۔ انہوں نے لکھا کہ انہوں نے جو کچھ بھی کمایا ہے، اس کا بڑا حصہ سماج کو واپس کیا جائے گا۔ بیٹے کے جانے کے بعد یہ وعدہ ان کے لیے اور بھی مضبوط ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب ان کی باقی پوری زندگی اسی مقصد کو پورا کرنے میں لگے گی۔
بیٹے کے انتقال سے ٹوٹ گیا خاندان 
49  سال کی عمر میں اگنویش اگروال کا امریکہ میں علاج کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہو گیا۔ ایک باپ کے لیے جوان بیٹے کو کھونا سب سے بڑا دکھ ہوتا ہے۔ انل اگروال نے لکھا کہ وہ اور ان کی اہلیہ کرن اگروال پوری طرح ٹوٹ چکے ہیں، لیکن ویدانتا گروپ میں کام کرنے والا ہر ملازم انہیں اپنے بچوں جیسا لگتا ہے اور وہی انہیں آگے بڑھنے کی طاقت دیتا ہے۔
کون ہیں انل اگروال؟
انل اگروال ویدانتا ریسورسز(Vedanta Resources) کے بانی اور چیئرمین ہیں۔ انہوں نے سن1976  میں ویدانتا گروپ کی بنیاد رکھی تھی۔ آج ویدانتا دھات، کان کنی، بجلی اور تیل جیسے بڑے شعبوں میں کام کر رہی ہے اور ہندوستان کے ساتھ ساتھ بیرون ملک بھی کمپنی کی مضبوط موجودگی ہے۔ انل اگروال کو ملک کے سب سے بڑے خود ساختہ صنعت کاروں میں شمار کیا جاتا ہے۔
پٹنہ سے ممبئی تک جدوجہد کی کہانی
سن 1954 میں بہار کے دارالحکومت پٹنہ میں پیدا ہونے والے انل اگروال نے بہت کم عمر میں اپنے والد کے ساتھ کباڑ کے کاروبار سے شروعات کی۔19  سال کی عمر میں وہ ممبئی پہنچے۔ جیب میں پیسے کم تھے لیکن حوصلے بلند تھے۔ ابتدائی دور میں کئی کاروباروں میں نقصان ہوا، لیکن انہوں نے کبھی ہار نہیں مانی۔ یہی جدوجہد آگے چل کر ویدانتا گروپ کی بنیاد بنی۔
اب خاندان میں کون سنبھال رہا ہے ذمہ داری؟
انل اگروال کی اہلیہ کرن اگروال ہمیشہ شہرت سے دور رہیں، لیکن ہر بڑے فیصلے میں ان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی رہیں۔ بیٹی پریہ اگروال اب خاندان اور کاروبار کی بڑی ذمہ داریاں سنبھال رہی ہیں۔ وہ ہندوستان زنک (Hindustan Zinc) کی چیئرپرسن ہیں اور گروپ کے کئی اہم فیصلوں میں فعال کردار ادا کر رہی ہیں۔ وہیں انل اگروال کے بھائی نوین اگروال ویدانتا گروپ کے وائس چیئرمین ہیں۔
اگنویش بھی نبھا رہے تھے اہم کردار
اگنویش اگروال ویدانتا کی معاون کمپنی تلونڈی سابو پاور لمیٹڈ (Talwandi Sabo Power Limited) کے بورڈ میں شامل تھے۔ اس کے علاوہ انہوں نے فجیرہ گولڈ جیسی کمپنی کی بھی بنیاد رکھی تھی۔ بڑے کاروباری خاندان سے تعلق رکھنے کے باوجود اگنویش سادہ زندگی گزارنا پسند کرتے تھے۔ ان کا اچانک جانا پورے خاندان کے لیے گہرا صدمہ بن گیا ہے۔
کتنی ہے انل اگروال کی کل دولت؟
فوربس کے مطابق انل اگروال اور ان کے خاندان کی مجموعی دولت تقریبا 4.2  ارب ڈالر یعنی لگ بھگ 35000 ہزار کروڑ روپے بتائی جاتی ہے۔ بیٹے کے انتقال سے پہلے ہی انل اگروال اس دولت کا 75فیصد حصہ عطیہ کرنے کا اعلان کر چکے تھے۔ بیٹے کو کھونے کے بعد انہوں نے اس فیصلے کو دوبارہ دوہراتے ہوئے اسے اپنی زندگی کا مقصد بنا لیا ہے۔
بیٹے کے خوابوں کو دیں گے اڑان 
انل اگروال نے لکھا کہ ان کا اور ان کے بیٹے اگنویش کا خواب ایک ہی تھا، ہندوستان کو خود کفیل بنانا۔ کوئی بچہ بھوکا نہ سوئے، ہر بچے کو تعلیم ملے، خواتین بااختیار ہوں اور نوجوانوں کو روزگار ملے۔ انہوں نے کہا کہ بیٹے کے بغیر ان کی زندگی ادھوری ضرور ہے، لیکن اس کے خواب ادھورے نہیں رہیں گے۔
 



Comments


Scroll to Top