واشنگٹن: روس پر اقتصادی دبا ؤ بڑھانے کے لیے امریکہ اور یورپی حکام کی پیر کی شام یہاں امریکی محکمہ خزانہ میں ایک میٹنگ ہوئی، جس میں روس کے خلاف نئے پابندیاں اور محصولات عائد کرنے سمیت کئی امور پر بات چیت کی گئی۔ اس معاملے سے واقف ایک عہدیدار نے یہ اطلاع دی۔
میٹنگ میں ہونے والی بات چیت کے بارے میں اس عہدیدار نے، نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ امریکی حکام نے یورپی رہنماؤں کو آگاہ کیا کہ امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ جنگ ختم کرنے کے لیے سخت اقدامات اٹھانے کو تیار ہیں، لیکن اس کے لیے انہیں یورپی ممالک کا مکمل تعاون درکار ہے۔
دو گھنٹے سے بھی کم وقت تک چلنے والی اس میٹنگ میں محصولات سے متعلق کارروائیوں، پابندیوں پر مل کر کام کرنے کی ضرورت، اور یورپ میں پھنسے روس کی سرکاری اثاثوں کے انتظام جیسے کئی امور پر گفتگو کی گئی۔ 'وائٹ ہاؤس'(امریکی صدر کا سرکاری دفتر و رہائش)، محکمہ خارجہ اور امریکی تجارتی نمائندہ کے حکام نے پیر کی میٹنگز میں حصہ لیا۔
یورپی ٹیم میں توانائی، پابندیاں، مالیاتی خدمات اور تجارت جیسے شعبوں پر کام کرنے والے افسران شامل تھے۔ حکام کی منگل کو دوبارہ میٹنگ ہونے والی ہے۔ یہ میٹنگ ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ٹرمپ، روس کے صدر ولادیمیر پوتن کو یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی کے ساتھ براہِ راست بات چیت پر راضی کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، تاکہ ساڑھے تین سال سے جاری جنگ کو ختم کیا جا سکے۔ ٹرمپ نے گزشتہ ماہ الاسکا میں پوتن کے ساتھ ایک اعلی سطحی ملاقات بھی کی تھی۔