نئی دہلی: کانگرس لیڈر اور لوک سبھا میں حزبِ اختلاف کے لیڈر راہل گاندھی نے پیر کے روز ہندوستان کے جمہوری نظام میں آئین کے مرکزی رول پر زور دیتے ہوئے اسے ہر شہری کا “سب سے بڑا ہتھیار” قرار دیا یومِ جمہوریہ کے موقع پر اپنے واٹس ایپ چینل پر شیئر کیے گئے پیغام میں راہل گاندھی نے کہا کہ ہندوستانی جمہوریہ کی طاقت آئین کی مضبوط بنیاد پر قائم ہے اور یہ صرف مساوات اور باہمی ہم آہنگی کے ذریعے ہی فروغ پا سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ “ہمارا آئین ہر ہندوستانی کا سب سے بڑا ہتھیار ہے۔ یہی ہماری آواز ہے اور ہمارے حقوق کا حفاظتی حصار ہے۔ آئین شہریوں کو بااختیار بناتا ہے اور ان کے حقوق کی حفاظت کرتا ہے۔ آئینی اقدار سے ہی جمہوریہ کو طاقت ملتی ہے۔ انہی مضبوط بنیادوں پر ہماری جمہوریت کھڑی ہے، جو مساوات اور بھائی چارے سے ہی مضبوط ہوگی۔
کانگریس رہنما نے آئینی تحفظ کو تحریکِ آزادی کی وراثت سے جوڑتے ہوئے کہا کہ آئین کی حفاظت کرنا ہندوستان کے مجاہدینِ آزادی کو سچی خراجِ عقیدت پیش کرنے کے مترادف ہے۔
انہوں نے کہا کہ “آئین کی حفاظت سے ہی ہندوستانی جمہوریت کی حفاظت ہوتی ہے اور یہ ہمارے مجاہدینِ آزادی کی قربانیوں کو سچی خراجِ عقیدت ہے۔راہل گاندھی نے ملک بھر کے شہریوں کو یومِ جمہوریہ کی مبارکباد دیتے ہوئے اپنے پیغام کا اختتام “جے ہند! جے سمویدھان!” کے نعروں کے ساتھ کیا۔واضح رہے کہ راہل گاندھی کے یہ بیانات ایسے وقت سامنے آئے ہیں جب ملک میں آئینی اقدار، سماجی مساوات اور معاصر ہندوستان میں جمہوری اداروں کے رول پر سیاسی بحث جاری ہے۔