جالندھر: رادھا سوامی ستسنگ ڈیرہ بیاس نے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدہ صورتحال کے پیش نظر ایک بار پھر لوگوں کی مدد کا ہاتھ بڑھایا ہے۔ ڈیرہ بیاس کے سربراہ بابا گروندر سنگھ ڈھلوں کی ہدایت پر جموں و کشمیر کے علاوہ راجستھان اور پنجاب کے تمام ست سنگ گھروں کے دروازے جنگ سے متاثرہ علاقوں کے لوگوں کے لیے کھول دیے گئے ہیں۔

ایمرجنسی کی صورت میں لوگ ستسنگ گھروں میں آکر رہ سکتے ہیں۔ انہیں وہاں رہائش اور کھانے کی سہولیات بھی میسر ہوں گی۔ اس کی شروعات جموں کے رادھا سوامی ست سنگ گھر سے ہوئی ہے۔ جمعہ کو جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ امر عبداللہ اور کابینہ کے وزیر ستیش شرما نے بھی ست سنگ گھر کا دورہ کیا اور پناہ گزینوں سے ملاقات کی۔ قابل ذکر ہے کہ کورونا کے دور میں بھی ڈیرہ بیاس نے ملک بھر میں واقع ست سنگ گھروں کے دروازے کھولے اور روزانہ لاکھوں لوگوں کو مفت لنگر فراہم کیا۔