انٹر نیشنل ڈیسک : کولمبیا کے ت±نداما صوبے میں ایک طیارہ حادثے کا شکار ہو گیا۔ اس حادثے میں 7 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ معلومات کے مطابق اس حادثے میں ملک کے مشہور گلوکار یئیسن جمنیز اور 6 دیگر افراد کی موت ہو گئی۔ حادثے کا شکار ہونے والا گلوکار ایک کنسرٹ کے لیے جا رہا تھا۔ یہ حادثہ پائپا شہر کے ہوائی اڈے سے اڑان بھرتے وقت پیش آیا۔

عینی شاہدین کے مطابق اڑان بھرتے وقت طیارہ رن وے سے آگے نکل گیا اور سامنے کی چار دیواری سے ٹکرا کر آگ کے شعلوں کی لپیٹ میںآ گیا۔ ہلاک ہونے والوں میں طیارے کے 2 پائلٹ اور گلوکار کی میوزک ٹیم کے 4 ساتھی بھی شامل ہیں۔ 34 سالہ گلوکار اپنے ساتھیوں کے ساتھ میڈیلین کے قصبے مارینیلا جا رہا تھا، جہاں اسے ایک کنسرٹ کرنا تھا۔ کولمبیا کے مشہور گلوکار اور نغمہ نگار یئیسن جمنیز کی موت کی خبر ملتے ہی ان کے مداحوں میں سوگ کی لہر دوڑ گئی ہے۔ طیارہ حادثے میں جمنیز کی موت نے ان کے مداحوں کو حیران کر دیا ہے۔