National News

ہندوستان-جرمنی نے فوجی مشقوں، تربیت، دفاعی صنعت میں تعاون بڑھانے اور دہشت گردی کے خلاف لڑائی مضبوط کرنے پر اتفاق کیا

ہندوستان-جرمنی نے فوجی مشقوں، تربیت، دفاعی صنعت میں تعاون بڑھانے اور دہشت گردی کے خلاف لڑائی مضبوط کرنے پر اتفاق کیا

گاندھی نگر: جرمن چانسلر فریڈرک مرز کے دورہ ہند سے ہندوستان اور جرمنی کے تعلقات کو ایک نئی رفتار ملی ہے اور دونوں ممالک نے دفاع اور سلامتی کے شعبے میں فوجی مشقوں، تربیت، دفاعی صنعت میں تعاون بڑھانے اور دہشت گردی کے خلاف مشترکہ کوششوں کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے مسٹر مرز نے پیر کو یہاں وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ وسیع بات چیت کی۔ جرمن چانسلر مسٹر مودی کی دعوت پر دو روزہ سرکاری دورے پر آئے ہیں۔ یہ ان کا ہندوستان اور ایشیا کا پہلا دورہ تھا۔ جرمن چانسلر کے ساتھ 23 بڑی جرمن کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز (سی ای اوز) اور معروف صنعت کار بھی آئے ہیں۔
مسٹر مودی نے احمد آباد میں چانسلر مرز کا استقبال کیا۔ دونوں رہنماوں نے سابرمتی آشرم میں مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا، پتنگ میلے میں حصہ لیا، اور انڈیا-جرمنی سی ای او فورم سے خطاب کیا۔ انہوں نے دوطرفہ، علاقائی اور عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
دفاع اور سلامتی کے شعبے میں دونوں ممالک نے فوجی مشقوں، تربیت، دفاعی صنعت میں تعاون اور دہشت گردی کے خلاف مشترکہ کوششوں کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے تجارت اور معیشت کے شعبے میں دو طرفہ تجارت کے 50 ارب ڈالر سے زیادہ ہونے پراطمینان کا اظہار کیا اور ہندوستان-یورپی یونین کے آزاد تجارتی معاہدے کے جلد اختتام کی حمایت کی۔
اپنی بات چیت میں، دونوں ممالک نے ٹیکنالوجی، سیمی کنڈکٹرز، اہم معدنیات، ڈیجیٹل اور اختراع کے شعبوں میں تعاون کو بڑھانے پر زور دیا۔ انہوں نے گرین اینڈ سسٹین ایبل ڈیولپمنٹ پارٹنرشپ کے تحت قابل تجدید توانائی، گرین ہائیڈروجن اور آب و ہوا کی کارروائی میں تعاون کو آگے بڑھانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔
دونوں رہنماوں نے ہند-بحرالکاہل میں ایک آزاد اور قواعد پر مبنی آرڈر کی حمایت، عالمی امن، موسمیاتی تبدیلی اور اقوام متحدہ کی اصلاحات پر مشترکہ وڑن کا اظہار کیا۔ لوگوں کے درمیان رابطوں کو فروغ دینے کے لیے جرمنی کی طرف سے ہندوستانی پاسپورٹ ہولڈرز کو ویزا فری ٹرانزٹ سہولت کے اعلان کا خیر مقدم کیا گیا۔
دونوں فریقوں نے ہندوستان-جرمنی اسٹریٹجک پارٹنرشپ کو مزید گہرا کرنے پر اتفاق کیا اور اگلی بین الحکومتی مشاورتی میٹنگ 2026 میں جرمنی میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا۔



Comments


Scroll to Top