نئی دہلی: کانگریس لیڈر راہل گاندھی اور کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے نوروز کے موقع پر ہم وطنوں کو مبارکباد دیتے ہوئے امید، خوشحالی اور سماجی ہم آہنگی کا پیغام دیا مسٹر گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر "نوروز مبارک" کہتے ہوئے تمنا کی کہ یہ تہوار سب کی زندگیوں میں امید، خوشیاں اور خوشحالی لے کر آئے ان کا پیغام بڑے پیمانے پر شیئر کیا گیا اور اس میں تہوار کا ہمہ گیر جذبہ جھلکتا ہے۔
وہیں، کانگریس صدر کھرگے نے بھی ہم وطنوں کو نوروز کی مبارکباد دیتے ہوئے اسے تجدید، امید اور نئی شروعات کی علامت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تہوار امن، خوشحالی اور سماجی اتحاد کا پیغام دیتا ہے۔ کھرگے نے خواہش ظاہر کی کہ یہ موقع سب کی زندگیوں میں سکھ، صحت اور باہمی ہم آہنگی لے کر آئے۔پارسی برادری کا تہوار نوروز آمدِ بہار، تجدیدِ نو اور اندھیرے پر روشنی کی فتح کی علامت سمجھا جاتا ہے۔
ہندوستان میں پارسی برادری اپنی مالا مال ثقافتی روایات کے لیے جانی جاتی ہے اور ملک کی سماجی، صنعتی اور ثقافتی ترقی میں اس کا اہم رول رہا ہے۔ ایسے تہوار نہ صرف مذہبی عقیدت کی علامت ہیں، بلکہ مشترکہ ورثے اور اتحاد کے پیغام کو بھی مضبوط کرتے ہیں۔سیاسی رہنماوں کی جانب سے ایسے مواقع پر مبارکباد دینا ملک کی 'کثرت میں وحدت' کی روایت کی عکاسی کرتا ہے، جہاں ہر برادری کے تہواروں کو یکساں احترام دیا جاتا ہے۔