National News

محبوبہ مفتی کی لوگوں سے الیکشن کا بائیکاٹ نہ کرنے کی اپیل

محبوبہ مفتی کی لوگوں سے الیکشن کا بائیکاٹ نہ کرنے کی اپیل

سری نگر: پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے جموں وکشمیر کے لوگوں سے الیکشن کا بائیکاٹ نہ کرنے کی تاکید کرتے ہوئے بھاری تعداد میں باہر نکل کر ووٹ ڈالنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہایہ انتخابات بجلی، سڑک اور پانی کے لئے نہیں بلکہ یہ الیکشن سال 2019 کے بعد ہماری شناخت ختم کرنے اور ہماری اثاثے چھیننے کی کوششوں کے خلاف ہیں۔

موصوف سابق وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں اننت ناگ – راجوری لوک سبھا سیٹ کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرنے کے بعد نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔ انہوں نے کہاآج کا الیکشن بجلی، سڑک اور پانی کے لئے نہیں ہے بلکہ 2019 کے بعد ہماری شناخت ختم کرنے اور ہمارے وسائل، اثاثے نوکریوں پر حملہ کرنے کے خلاف ہے۔

ان کا کہنا تھایہ پی ڈی پی نیشنل کانفرنس یا دوسری پارٹیوں کا مسئلہ نہیں ہے، جموں وکشمیر کو ایک کھلی جیل میں تبدیل کیا گیا ہے ہمارے بجلی پروجیکٹ، باجری، ریت سے لے کر لیتھیم تک کے وسائل ہم سے چھینے جا رہے ہیں۔ محبوبہ مفتی نے کہا کہ لوگوں کو ان انتخابات کا بائیکاٹ نہیں کرنا ہے۔ انہوں نے کہاجو چاہتے ہیں کہ الیکشن بائیکاٹ ہونا چاہئے لوگوں کو ان کی سازشوں کو بے نقاب کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھالوگوں کو چاہئے کہ وہ اپنا ووٹ اس کو دیں جو جموں وکشمیر کے مظلوموں، مجبوروں اور قیدیوں کی بات کرے۔
 



Comments


Scroll to Top