National News

آپ اس طرح کا کرکٹ کھیلئے جو آپ کو پسند ہو: گلیسپی

آپ اس طرح کا کرکٹ کھیلئے جو آپ کو پسند ہو: گلیسپی

لاہور:پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی نے کھلاڑیوں کو مشورہ دیا ہے کہ ٹیم کو ایسا کرکٹ کھیلنا چاہیے جو انہیں پسند ہو۔ گلیسپی نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے میڈیا پوڈ کاسٹ میں کہا میرا ماننا ہے کہ آپ کو ایسا بننے کی کوشش نہیں کرنی چاہیے جو آپ نہیں ہیں۔ میں صرف یہ چاہتا ہوں کہ پاکستان کرکٹ ٹیم وہ کرکٹ کھیلے جو انہیں پسند ہے اور میرے لیے یہی اہم ہے۔ انہوں نے کہا آپ کس طرح آگے بڑھیں گے اس تعلق سے آپ کو پختہ ہونا ہوگا۔

میں وہاں جاکر کہوں گا کہ مثبت، جارحانہ اورتفریحی رہیں۔ اپنے چہرے پر مسکراہٹ کے ساتھ کھیلیں اور ہمارے مداحوں کو تفریح فراہم کریں۔ بعض اوقات آپ کو سخت محنت کرنی پڑتی ہے اور ٹیسٹ کرکٹ یہی ہے۔ اس میں آپ کی اسکل، ذہنیت اور صبر کا ٹیسٹ ہوتا ہے۔ اٹیک کرنے کا بھی وقت ہوتا ہے اور مخالف کے حملے کو برداشت کرنے کا بھی۔ اگر ہم مستقل مزاجی کا مظاہرہ کریں گے تو باقی چیزیں خود بخود ہو جائیں گی اور ہم کچھ جیت حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیسٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ بننے کا موقع ملنا شاندارہے۔ یہ اعزاز کی بات ہے۔ میں دنیا کے مختلف حصوں میں طویل عرصے سے کوچنگ کر رہا ہوں لیکن اب تک کسی قومی ٹیم کا ٹیسٹ کوچ نہیں بنا۔ جب یہ موقع سامنے آیا تو میں نے بغیر کسی تاخیر کے اسے لپک لیا۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح سے پاکستان کھیلتا ہے اور اس کے پاس جتنے قابل اور ہنر مند کھلاڑی ہیں، اس گروپ کا حصہ بننا شاندار ہے اور امید ہے کہ میں ان کی ترقی، بہتری اور کچھ تفریحی کرکٹ کھیلنے میں مدد کر سکتا ہوں۔ 



Comments


Scroll to Top