National News

آئین کا گلا گھونٹنے کی کانگرس کی رہی ہے تاریخ:یوگی

آئین کا گلا گھونٹنے کی کانگرس کی رہی ہے تاریخ:یوگی

گورکھپور: وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ آئین کا گلا گھونٹ کر ، پچھڑوں اور ایس سی سماج کے ریزرویشن میں سیندھ ماری کر مذہب کی بنیاد پر ایک خاص طبقے کو ریزرویشن دینے کی کانگریس، ایس پی اور انڈیا اتحاد کی منشی ملک کے عوام کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) مذہب کی بنیاد پر کسی بھی قسم کے ریزرویشن کی مخالف ہے کیونکہ مذہب کی بنیاد پر ہندوستان کی تقسیم کا خمیازہ عام لوگوں کو بھگتنا پڑا ہے۔ بی جے پی ،ایس سی۔ایس ٹی اور او بی سی ریزرویشن کے فوائد کی حامی ہے۔ منگل کو گورکھ ناتھ مندر کے احاطے میں یوگی نے کہا کہ ہر شخص کانگرس، سماج وادی پارٹی (ایس پی) اور انڈیا اتحاد سے وابستہ پارٹیوں کی تاریخ کے بارے میں جانتا ہے۔

کانگریس کی تاریخ بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راو امبیڈکر کے بنائے ہوئے آئین کا گلا گھونٹنے کی رہی ہے۔سا ل 1950 میں ملک کا آئین نافذ ہوا اور کانگریس نے آزادی اظہار کو پامال کرنے سمیت آئین کو اپنے طریقے سے استعمال کرنے کی مسلسل کوششیں کیں۔ عوام کی حکمرانی عوام کے لیے ہے، عوامی جذبات کا احترام کیا جانا چاہیے، کانگریس نے کبھی یہ سمجھنے کی کوشش نہیں کی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ملک کے عوام آج بھی ایمرجنسی کو نہیں بھولے ہیں۔ یہ بھی ملک کے آئین کا گلا گھونٹنے کے مترادف تھا۔ اس کے ساتھ ساتھ ملک کے عوام کو وہ گناہ بھی یاد ہیں جو کانگرس نے یو پی اے حکومت کے دوران کیے تھے۔ تب سماج وادی پارٹی اور بہوجن سماج پارٹی یو پی اے حکومت میں کانگریس کی اتحادی تھی۔

یوگی نے کہا کہ کانگریس نے جسٹس رنگناتھ مشرا کمیٹی اور سچر کمیٹی بنا کر درج فہرست ذاتوں، درج فہرست قبائل اور دیگر پسماندہ طبقات کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کی کوشش کی اور ملک بھر میں آئین مخالف کام کیا۔ تب کانگریس نے مذہب کی بنیاد پر ریزرویشن دینے کی مذموم کوشش کی تھی۔ اس وقت کی کانگریس حکومت کا ارادہ منھ بھرائی کے نام پر 27 فیصد او بی سی ریزرویشن میں سے 6 فیصد کو کم کرنا تھا۔ اسی طرح سچر کمیٹی کے ذریعے درج فہرست ذاتوں اور درج فہرست قبائل کے ریزرویشن کو توڑ کر مسلم سماج کی کچھ ذاتوں کو شامل کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بی جے پی کی شدید مخالفت کی وجہ سے اس وقت کی کانگریس حکومت کے ارادے پورے نہیں ہو سکے۔

ورنہ اسی یو پی اے حکومت میں کانگریس نے مذہب کی بنیاد پر پورے ملک میں ریزرویشن دے کر او بی سی اور ایس سی ایس ٹی کے ریزرویشن میں سیندھ ماری کرچکی ہوتی۔ یوگی نے کہا کہ کانگریس نے کرناٹک میں او بی سی ریزرویشن میں سیندھ ماری کرتے ہوئے مذہب کی بنیاد پر ریزرویشن دینے کا آغاز بھی کردیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے اس معاملے میں کرناٹک حکومت سے رپورٹ بھی طلب کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی بابا صاحب ڈاکٹر امبیڈکر اور تمام آئین بنانے والوں کا مکمل احترام کرتی ہے۔ بی جے پی آئین ہند کو سپریم مانتے ہوئے آئین سازوں کی منشی کے مطابق اپنی آئینی ذمہ داریوں کو ایمانداری سے ادا کرنے کے حق میں ہے۔بھارتیہ جنتا پارٹی واحد پارٹی ہے جس نے بابا صاحب امبیڈکر کی اقدار اور نظریات کا مکمل احترام کیا ہے۔
 



Comments


Scroll to Top