نئی دہلی: بھارتیہ جنتا پارٹی پر عصمت دری کرنے والوں کو تحفظ فراہم کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کانگرس نے کہا ہے کہ جہاں جہاں بی جے پی کی حکومت ہے وہاں عصمت دری کی تعداد بڑھ رہی ہے اور بی جے پی کی حکومتیں ان جرائم کو روکنے میں ناکام ہو رہی ہیں مہیلا کانگریس کی صدر الکا لامبا نے اتوار کو یہاں پارٹی کے نئے ہیڈکوارٹر اندرا بھون میں ایک پریس کانفرنس میں وزیر اعظم نریندر مودی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوگوڑا کے عصمت دری کے ملزم پوتے پرجول رمنا کے لیے مہم چلاکر لوگوں سے اسے ووٹ دینے کی اپیل کی ہے۔ مسٹر مودی پارلیمنٹ سے بھاگتے ہیں اور پارلیمنٹ ہاوس میں ہونے کے باوجود راجیہ سبھا میں آپریشن سندور پر ہونے والی بحث میں حصہ لینے نہیں آتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مہیلا کانگرس ملک بھر میں عصمت دری کے ان واقعات کے خلاف قانون ساز اسمبلیوں اور ارکان پارلیمنٹ کا گھیراو کرتی رہے گی جب تک کہ ملزمان کو سزا نہیں مل جاتی۔ انہوں نے حکومت سے متاثرین کی مدد اور انہیں تحفظ فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔
اڈیشہ میں عصمت دری کے ایک لرزہ خیز واقعہ کا ذکر کرتے ہوئے محترمہ لامبا نے کہا کہ 19 جولائی کو پوری، اڈیشہ میں تین لوگوں نے ایک نابالغ لڑکی کو اغوا کیا اور اسے زندہ جلا دیا۔ لڑکی کو دہلی کے ہسپتال لے جایا گیا، جہاں 15 سالہ لڑکی کی موت ہوگئی۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ لڑکی کو جلانے والے لوگ کہاں ہیں، کیا انہیں گرفتار کیا گیا ہے، تو ان کا جواب تھا کہ بچی کو جلانے میں کسی کا ہاتھ نہیں تھا۔ یہ پولیس اور حکومت کی ناکامی ہے۔
مدھیہ پردیش اسمبلی میں 2022 سے 2024 کے درمیان ریاست میں دلت اور قبائلی خواتین کی عصمت دری کے واقعات پر ریاستی حکومت نے کہا کہ 7,418 خواتین کی عصمت دری کے واقعات ہوئے ہیں۔
وزیر اعظم پر مجرموں کو پناہ دینے کا الزام لگاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پرجول ریونا نے کئی خواتین کی عصمت دری کی۔ یہ سب جاننے کے باوجود مسٹر مودی نے اس کے لیے مہم چلائی۔ کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے اس معاملے کو کافی سنجیدگی سے لیا ہے۔ کرناٹک کی کانگرس حکومت نے فاسٹ ٹریک کورٹ میں مقدمہ چلایا اور اجتماعی عصمت دری کرنے والے کو 15 ماہ میں سزا سنائی گئی۔
انہوں نے کہا ”میں بی جے پی لیڈروں سے کہنا چاہتی ہوں کہ وہ مجرموں کی حمایت کرنا بند کریں۔ پارلیمنٹ کا اجلاس شروع ہوتے ہی مہیلا کانگریس نے نیا مارچ نکالا، ہمارا مطالبہ تھا کہ خواتین کی حفاظت کا معاملہ پارلیمنٹ میں زیر بحث لایا جائے، لیکن پولیس نے مجھے نجف گڑھ تھانے میں 8 گھنٹے تک بند رکھا۔ انصاف کے لیے اٹھنے والی ہماری آواز کو دبایا جا رہا ہے۔ یہ تماشہ پورے ملک میں سرے عام چل جاری ہے“۔
مہیلا کانگریس صدر نے مطالبہ کیا ہے کہ ملک میں خواتین کی حفاظت ایک سنگین معاملہ بن گیا ہے۔ اس کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کی تنظیم مسلسل ’نیائے مارچ‘ نکال رہی ہے۔ پولیس انصاف کے مطالبے کو کچلنے کی کوشش کر رہی ہے لیکن ہم باز نہیں آنے والے۔ مہیلا کانگریس نے فیصلہ کیا ہے کہ متاثرین کو انصاف اور مجرموں کو سزا دلاکر رہیں گے۔
انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ خاندانوں کو تحفظ اور مناسب معاوضہ دیا جائے اور خواتین کی حفاظت سے متعلق مقدمات کو فاسٹ ٹریک عدالتوں میں چلا کر متاثرہ خواتین کو انصاف فراہم کیا جائے۔