اسلام آباد: پاکستان کے شمال مغربی صوبہ خیبر پختونخواہ میں اتوار کی صبح ایک پولیس چوکی پر دہشت گردانہ حملے میں ایک پولیس اہلکار اور دو دہشت گرد ہلاک اور چار پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ واقعہ صوبے کے ضلع بنوں میں مقامی وقت کے مطابق علی الصبح ڈھائی بجے پیش آیا، جہاں دہشت گردوں نے پولیس چوکی پر درمیانے اور بھاری ہتھیاروں سے اچانک فائرنگ کردی۔ ذرائع نے بتایا کہ پولیس نے فوری طور پر جوابی کارروائی کی اور تقریباً 30 منٹ تک فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا۔
جس کے بعد سرچ آپریشن کے دوران پولیس نے فائرنگ سے ہلاک ہونے والے دو نامعلوم دہشت گردوں کی لاشیں برآمد کر لیں۔ ذرائع کے مطابق حملے کے دوران دہشت گردوں کے ایک اور گروپ نے اسی تھانے کے علاقے میں پولیس کی گشتی ٹیم پر گھات لگا کر حملہ کیا۔ فی الحال اس واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ ابھی تک کسی دہشت گرد گروپ نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔