نئی دہلی:وزیر خارجہ ایس. جے شنکر نےپارلیمنٹ کو بتایا کہ 5 فروری کے بعد امریکہ سے غیر قانونی داخلے کی بنیاد پر واپس بھیجے گئے کسی بھی ہندوستانی شہری کو ہتھکڑی یا بیڑی نہیں پہنائی گئی راجیہ سبھا میں سماج وادی پارٹی کے رکن رام جی لال سمن کے سوال کے جواب میں وزیر خارجہ نے کہا کہ 25 ستمبر کو واپس بھیجی گئی ہرجیت کور نامی خاتون کے وکیل نے تصدیق کی کہ انہیں جہاز میں واپس بھیجتے وقت ہتھکڑیاں نہیں لگائی گئیں۔
انہوں نے ہرجیت کور (73 سالہ خاتون، 25 ستمبر کو واپس بھیجی گئیں) کے بارے میں تفصیلات فراہم کیں۔ ان کے وکیل اور خاتون سے بات کرنے والے ہندوستانی امیگریشن افسر دونوں نے تصدیق کی کہ انہیں واپسی کے دوران ہتھکڑی نہیں لگائی گئی تھی۔
وزیر خارجہ نے تسلیم کیا کہ ہرجیت کور کے ساتھ امریکہ میں حراست کے دوران برا سلوک کیا گیا تھا۔ ہندوستان نے یہ معاملہ امریکی سفارت خانے کے سامنے اٹھایا ہے اور جانچ کا مطالبہ کیا ہے۔
2009 سے اب تک، کل 18,822 ہندوستانیوں کو امریکہ سے غیر قانونی داخلے کے الزام میں جلاوطن کیا گیا ہے۔ رواں سال 3,258 افراد کو واپس بھیجا گیا ہے۔
وزیر خارجہ نے بتایا کہ نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی ( این آئی اے) نے حالیہ عرصے میں انسانی اسمگلنگ کے 27 کیسز درج کیے، 169 افراد کو گرفتار کیا اور 132 کے خلاف چارہ جوئی کی۔
ہر یانہ، پنجاب، ہماچل پردیش اور گجرات میں ملزمان اور بعض ٹریول ایجنٹس گرفتار کیے گئے۔پنجاب میں انسانی اسمگلنگ کے 58 ٹریول ایجنٹس کے خلاف 25 ایف آئی آرز درج کی گئی ہیں، اور 16 افراد گرفتار ہوئے۔ہر یانہ میں 2,325 کیسز میں 44 ایف آئی آرز اور 27 افراد کی گرفتاری۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ ہر ملک کو ویزا دینے یا نہ دینے کا حق حاصل ہے،
ہندوستان نے امریکی حکام سے یہ وضاحت کرنے کی کوشش کی ہے کہ معمولی خلاف ورزیوں کی بنیاد پر طلباء کے ویزوں کو منسوخ کرنا مناسب نہیں ہے۔
یہ مسئلہ رواں سال اپریل میں امریکی وزیر خارجہ کی جانب سے نئی ویزا پالیسی کے اعلان کے بعد شدت اختیار کر گیا ہے۔
امریکہ نے یہ موقف اختیار کیا ہے کہ ویزا سے متعلق ہر فیصلہ قومی سلامتی سے جڑا ہوا ہے۔ طلباء کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے سوشل میڈیا اکاونٹس کی سیٹنگز کو 'پبلک' رکھیں تاکہ ان کی نگرانی کی جا سکے۔
ایک رکن کے سوال کے جواب میں کہ کیا وزارتِ خارجہ ریاستوں کو غیر قانونی ٹریول ایجنٹوں کے خلاف براہ راست کارروائی کرنے کی اجازت دینے کے لیے قوانین میں ترمیم کرے گی؟ وزیر خارجہ نے کہا کہ ان کا محکمہ (وزارت خارجہ) ٹریول ایجنٹوں کے معاملات میں پوری چوکسی کے ساتھ فیصلے کرتا ہے۔