National News

انڈیگو کی 400 پروازیں منسوخ، یہ صورتحال جمعہ کو بھی جاری رہنے کا امکان

انڈیگو کی 400 پروازیں منسوخ، یہ صورتحال جمعہ کو بھی جاری رہنے کا امکان

نئی دہلی:نجی ایئر لائن انڈیگو نے پروازوں کی تاخیر کے مسئلے سے نمٹنے کے لئے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن (ڈی جی سی اے) کی منظوری سے شروع کی گئی پہل کے ضمن میں جمعرات کے روز تقریباً 400 پروازیں منسوخ کر دیں دہلی ہوائی اڈے کی ویب سائٹ پر دی گئی معلومات کے مطابق، صرف دہلی میں آج 100 سے زیادہ پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ بنگلور ہوائی اڈے پر بھی تقریباً 100 پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ ممبئی میں کمپنی کی 70 سے زیادہ پروازیں منسوخ ہونے کی بھی اطلاع ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ ملک بھر میں انڈیگو کی تقریباً 400 پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔ حالانکہ کمپنی نے اعداد و شمار ظاہر نہیں کیے ہیں۔
پروازوں کی منسوخی سے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ کمپنی نے اپنے بین الاقوامی آپریشن کو متاثر نہیں کیا اور اندرون ملک روٹس پر پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔ یہ صورتحال جمعہ کے روز بھی برقرار رہنے کا امکان ہے۔
انڈیگو نے بدھ کی شام کو اعلان کیا کہ وہ مختلف وجوہات کی بنا پر اپنی پروازوں میں آنے والی رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے کنٹرولڈ شیڈول تبدیلیاں نافذ کر رہی ہے، جو اگلے 48 گھنٹے (جمعہ کی شام تک) تک جاری رہے گی۔ اس کے نتیجے میں بدھ کے روز بھی تقریباً 100 پروازیں منسوخ کی گئیں۔
ریگولیٹر ڈی جی سی اے نے بتایا کہ نومبر میں انڈیگو کی 1,232 پروازیں منسوخ ہوئیں۔ ان میں سے 755 عملہ کی عدم دستیابی کی وجہ سے، 92 اے ٹی سی سسٹم کی خرابی کی وجہ سے، اور 258 ہوائی اڈوں پر سلاٹ کی کمی کی وجہ سے منسوخ ہوئیں۔
ذرائع نے بتایا کہ انڈیگو نے موسم سرما کے شیڈیول کے لئے اپنی پروازوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔ اس کے بیڑے میں طیاروں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے لیکن عملہ کی تعداد میں تناسب سے اضافہ نہیں ہوا۔ مزید برآں، روسٹر رولز میں تبدیلیاں بھی مسائل کا باعث بنی ہیں۔



Comments


Scroll to Top