بھوپال: مدھیہ پردیش میں جہاں شیوراج حکومت لوجہاد سے متعلق قانون بنانے کے لئے پوری طرح تیار ہے۔ ادھر بی جے پی کی فائر برانڈ رہنما اوما بھارتی کا ایک بڑا بیان سامنے آیا ہے۔ اوما بھارتی نے کہا کہ ہمارے ملک میں آئین کے تحت ہر ہندو کو گیتا کے ساتھ قرآن ، بائبل پڑھنے اور مندر ، مسجد ، چرچ جانے کا حق ہے۔ ہمارا آئین سیکولر ہے ، لہٰذا یہاں مذہب تبدیل کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔

در اصل ، سابق وزیر اعلیٰ اوما بھارتی نے مہر کے بڑا اکھاڑہ میں بھگوان گنیش کے مندر کا دورہ کیا تھا۔ اس دوران ، انہوں نے سینکڑوں سال قدیم بھگوان شیو کے مشہور گولا مٹھ مندر کا دورہ کرنے کے بعد مہر ما ںشاردا دیوی کے درشن کئے ۔ درشن کرنے کے بعد اوما بھارتی نے، نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے لو جہاد سے متعلق پوچھے گئے سوال پر بتایاکہ اس ملک میں آئین کے تحت ہر ہندو کو گیتا کے ساتھ ساتھ قرآن بائبل ، مندر - مسجد جا کر ماتھا ٹیکنے کا حق ہے ۔

اوما بھارتی نے کہا کہ ہندوستان کو کورونا سے آزاد کرایا جانا چاہئے۔ سب امن و امان کے ساتھ رہیں۔ سب کو عقل سلیم ملے ۔ ہمارے ملک میں مذہب تبدیل کرنے کی ضرورت نہیں ہے ، کیونکہ یہاں ہندوں کو چھوٹ ہے کہ وہ قرآن کو پڑھ سکتے ہیں،بائبل پڑھ سکتے ہیں۔ آپ مسجد جا سکتے ہیں۔ ہندوستان میں تبدیلی مذہب کی ضرورت نہیں ہے۔