واشنگٹن:امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے بدھ کے روز کولمبیا کے اپنے ہم منصب گوستاوو پیٹرو کے بارے میں اپنا موقف اچانک بدلتے ہوئے جنوبی امریکی ملک کے رہنما کو وائٹ ہاوس آنے کی دعوت دی ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں رہنماوں کے درمیان فون پر خوشگوار ماحول میں گفتگو ہوئی۔ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا کہ کولمبیا کے صدر گوستاوو پیٹرو سے بات کرنا میرے لیے باعثِ اعزاز رہا۔پیٹرو نے منشیات کی صورتحال اور ہمارے درمیان موجود دیگر اختلافات کی وضاحت کے لیے فون کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ میں فون پر ہونے والی گفتگو اور ان کے بات کرنے کے انداز کی تعریف کرتا ہوں۔
میں قریبی مستقبل میں ان سے ملاقات کے لیے پرامید ہوں۔ٹرمپ نے کہا کہ پیٹرو کے ساتھ وائٹ ہاوس میں ملاقات ہوگی۔ٹرمپ کا یہ بیان ویک اینڈ پر وینزویلا میں امریکی مہم کے بعد سامنے آیا ہے، جب امریکی صدر نے پیٹرو پر الزام عائد کیا تھا۔انہوں نے پیٹرو پر الزام لگایا تھا کہ وہ کوکین تیار کرتے ہیں اور امریکہ میں فروخت کرتے ہیں۔اس تبصرے کے دوران انہوں نے یہ اشارہ بھی دیا تھا کہ امریکہ کولمبیا میں کارروائی کر سکتا ہے۔