Latest News

روس کوٹرمپ کا نیاالٹی میٹم:جنگ روکنے کے لئے دی گئی ڈیڈ لائن اچانک کم کی، کہا- اب آپ کے پاس۔۔۔

روس کوٹرمپ کا نیاالٹی میٹم:جنگ روکنے کے لئے دی گئی ڈیڈ لائن اچانک کم کی، کہا- اب آپ کے پاس۔۔۔

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے یوکرین جنگ روکنے کے لیے روس کو دی گئی ڈیڈ لائن میں اچانک کمی کردی۔ ٹرمپ نے پیر کو کہا کہ روسی صدر ولادیمیر پوتن کے پاس اب صرف 10 سے 12 دن ہیں جبکہ اس سے قبل انہوں نے 50 دن کی ڈیڈ لائن دی تھی۔ ٹرمپ نے کہا کہ وہ 7 اور 9 اگست کے درمیان امن معاہدے کی جانب ٹھوس پیش رفت چاہتے ہیں۔ انہوں نے 14 جولائی کو خبردار کیا تھا کہ اگر ستمبر تک جنگ ختم نہ ہوئی تو روس پر بھاری محصولات عائد کیے جائیں گے۔
اب ڈیڈ لائن کم ہونے سے روس کے تجارتی شراکت داروں پر اضافی ٹیرف  اور پابندیوں کا امکان بھی بڑھ گیا ہے۔ ٹرمپ نے کہا کہ اس بارے میں باضابطہ اعلان جلد کیا جائے گا۔ اپنے اسکاٹ لینڈ کے دورے کے دوران صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ  اب مزید انتظار کرنے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔ ہم کوئی پیش رفت نہیں دیکھ رہے ہیں۔ پوتن  کو سمجھوتہ کرنا پڑے گا کیونکہ بڑی تعداد میں لوگ مارے جا رہے ہیں۔جب ٹرمپ سے پوچھا گیا کہ کیا وہ پوتن سے ملیں گے تو انہوں نے واضح طور پر کہا کہ مجھے اب بات چیت میں زیادہ دلچسپی نہیں ہے۔
ٹرمپ کے اس نئے الٹی میٹم پر روس کی جانب سے ابھی تک کوئی سرکاری ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔ ادھر یوکرینی فضائیہ کے مطابق روس نے رات بھر 300 سے زائد ڈرونز، چار کروز میزائل اور تین بیلسٹک میزائل داغے۔ ٹرمپ نے ایک بار پھر پوتن  کو شہریوں پر بمباری کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا۔ امریکی قیادت میں جنگ کے خاتمے کی کوششیں اب تک خاص کامیاب نہیں ہوئیں۔ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اگر روس مذاکرات نہیں کرتا تو سخت اقتصادی کارروائی کے ذریعے  اس کو جھکایا جائے گا ۔
 



Comments


Scroll to Top