Latest News

کنہیا کمار پر اب  چلے گا غداری کا مقدمہ، دہلی حکومت نے  اسپیشل سیل کودی منظوری

کنہیا کمار پر اب  چلے گا غداری کا مقدمہ، دہلی حکومت نے  اسپیشل سیل کودی منظوری

نیشنل ڈیسک: دہلی حکومت نے غداری کے ایک معاملے میں جواہر لال نہرو یونیورسٹی طلباء  یونین کے سابق صدر کنہیا کمار اور دو دوسرے لوگوں پر مقدمہ چلانے کے لئے دہلی پولیس کے سپیشل سیل کو منظوری دے دی۔ذرائع نے جمعہ کو یہ  جانکاری دی۔ اسپیشل سیل کو اس معاملے میں منظوری دینے کی فائل کافی وقت سے لٹکی ہوئی تھی۔
دراصل، حال ہی میں  14 فروری کو دہلی کی پٹیالہ ہاؤس کورٹ میں کیس کی سماعت ہوئی تو دہلی پولیس نے بتایا تھا کہ اب تک دہلی حکومت سے غداری کا مقدمہ چلانے کی اجازت نہیں ملی ہے۔ جس کے بعد کورٹ نے دہلی پولیس کی اسپیشل سیل کو ہدایت دی کہ وہ دہلی حکومت کو خط لکھ کر اس پر رخ صاف کرنے کے لیے کہیں۔
اس کے بعد دہلی پولیس کی اسپیشل سیل نے کیجریوال حکومت کو خط لکھا۔خط میں کنہیا کمار سمیت دیگر کے خلاف غداری کا مقدمہ چلانے کی پھر سے اجازت مانگی تھی۔ جس کے بعد اب کیجریوال حکومت نے اسپیشل سیل کو مقدمہ چلائے جانے کی اجازت دے دی ہے۔ حکومت کی منظوری کے بعد اب کنہیا کمار پر غداری کی دفعات میں مقدمہ چلایا جائے گا۔ اس معاملے میں دہلی حکومت نے عمر خالد، انربان بھٹا چاریہ ، عاقب  حسین، مجیب، عمر گل، بشرت علی اور خالد بصیر پر بھی غداری کا مقدمہ چلائے جانے کی منظوری دے دی ہے۔
کیا ہے معاملہ ؟
9 فروری، 2016 کو 2002 پارلیمنٹ حملے کے مجرم افضل گرو کو پھانسی کی سزا دئیے جانے کی برسی پر جے این یو احاطے میں ملک مخالف نعرے لگے تھے۔  جس کے بعد دہلی   پولیس کرائم برانچ  نے 2016 کے اس معاملے میںجے این یو کے سابق  سابق طلباء یونین کے صدر کنہیا کمار ،  عمر خالد اور انربان بھٹاچاریہ  اور سات دیگر کشمیری طلباء کے خلاف  1200 صفحات کی چارج شیٹ داخل کی تھی ۔پولیس نے کہا تھا کہ ملزمان نے 9فروری، 2016 کو جے این یو کے احاطے میں ایک پروگرام کے دوران جلوس نکالا اور وہاں مبینہ طور پر لگائے گئے ملک مخالف نعروں کی حمایت کی تھی۔
 



Comments


Scroll to Top