متھرا: معروف کتھا واچک دیوکی نندن مہاراج نے انڈین پریمیئر لیگ میں بنگلہ دیشی کھلاڑیوں کو شامل نہ کرنے کے فیصلے پر ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ ( بی سی سی آئی ) کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ کروڑوں ہندؤوں کے جذبات کا احترام ہے اور ان لوگوں کے لیے ایک سخت پیغام ہے جو سناتنیوں پر ہو رہے مظالم کو نظرانداز کرتے ہیں۔
دیوکی نندن مہاراج نے صحافیوں سے کہا کہ چند دن پہلے ممبئی میں 50 ہزار لوگوں کی موجودگی میں میں نے یہ مطالبہ اٹھایا تھا کہ بنگلہ دیشی کرکٹروں کو ہندوستان سے باہر کیا جانا چاہیے۔ وہاں جس طرح ہندو مندروں کو جلایا جا رہا ہے اور ہماری ماؤں بہنوں کو ستایا جا رہا ہے، اسے کوئی بھی سچا سناتنی برداشت نہیں کر سکتا۔ مجھے خوشی ہے کہ میری آواز صحیح جگہ تک پہنچی اور بی سی سی آئی نے عوامی جذبات کو سمجھتے ہوئے بنگلہ دیشی کھلاڑیوں کو آئی پی ایل سے دور رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مہاراج نے کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے مالک اور بالی وڈ اداکار شاہ رخ خان کی خاموشی پر سخت اعتراض ظاہر کیا۔
انہوں نے کہا کہ پورا ملک اس موضوع پر بحث کر رہا ہے لیکن مسٹر کے کے آر کی جانب سے ابھی تک کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔ آپ ملک اور اکثریتی سناتنیوں سے اوپرنہیں ہیں۔ کے کے آر ٹیم کے پاس وقت تھا، وہ خود بنگلہ دیشی کھلاڑی کو چھوڑنے کا فیصلہ کر سکتے تھے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مشہور شخصیات کو بھی آگے آ کر یہ کہنا چاہیے کہ وہ ہندؤوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔
دیوکی نندن مہاراج نے اس مہم کی کامیابی کا سہرا سوشل میڈیا اور میڈیا کی حمایت کو دیا۔ انہوں نے اپیل کی کہ جس ملک میں ہندو بھائی بہنوں پر مظالم ہو رہے ہوں، اس ملک کے کھلاڑیوں کو ہندوستان سے معاشی فائدہ نہیں ملنا چاہیے۔ انہوں نے آخر میں تمام ملک کے باشندوں سے اپیل کی کہ اپنی آنے والی نسل اور مذہب کی حفاظت کے لیے اسی طرح متحد رہیں۔