نئی دہلی: پلوامہ حملے کی پہلی برسی پر ہو رہی سیاسی بیان بازی تھمنے کا نام نہیں لے رہی ہے۔ میڈیا سے بات چیت کے دوران کانگرس لیڈر ادت راج نے متنازعہ بیان دیتے ہوئے کہا کہ 2024 میں انتخابات سے پہلے پلوامہ جیسا حملہ ہو سکتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی خدشہ ظاہر کیا کہ اقتدار میں بنے رہنے کے لئے مودی حکومت نے 40 جوانوں کی جان کا سودا کیا۔ انہوں نے الزام لگایا کی بی جے پی نے پلوامہ کو انتخابی ایشو بنا کر 2019 کا لوک سبھا چنا جیت لیا ہے۔اس کے ساتھ ہی ادت راج نے کانگرس کے سابق صدر راہل گاندھی کے اس بیان کو صحیح بتایا ہے، جس میں راہل نے پلوامہ حملے کو لے کر سوال کھڑے کئے تھے۔
راہل گاندھی نے کئے تھے یہ سوال
راہل گاندھی نے جمعہ کو پلوامہ حملے کی برسی پر شہید جوانوں کو یاد کیا اور حکومت پر نشانہ لگاتے ہوئے سوال کیا تھا کہ آخر اس حملے کا سب سے زیادہ فائدہ کسے ہوا، اس کی جانچ میں کیا نکلا اور حکومت میں کس شخص کو جوابدہ ٹھہرایا گیا۔
گاندھی نے شہید جوانوں کے جسد خاکی والے تابوتوں کی تصویر شیئر کرتے ہوئے ٹویٹ کیا، آج جب ہم پلوامہ حملے میں شہید ہوئے 40 جوانوں کو یاد کر رہے ہیں تو ہمیں پوچھنا ہے کہ اس حملے سے سب سے زیادہ فائدہ کس کو ہوا؟ انہوں نے یہ سوال بھی کیا، حملے کی تحقیقات میں کیا نکلا؟ حملے سے منسلک سیکورٹی خامی کے لئے بی جے پی حکومت میں اب تک کس کو جوابدہ ٹھہرایا گیا۔
قابل ذکر ہے کہ 14 فروری 2019 کو جموں و کشمیر کے پلوامہ میں ہوئے فوج کے قافلے پر ہوئے دہشت گردانہ حملے میں سی آر پی ایف کے 40 جوان شہید ہو گئے تھے۔