کولکتہ: مغربی بنگال کے مرشد آباد واقع جالنگی علاقے میں شہریت قانون کو لے کر جاری احتجاجی مظاہرہ پرتشدد ہو گیا، جس میں کم ازکم دو لوگوں کی موت ہو گئی جبکہ دیگر تین زخمی ہو گئے ہیں۔ ایک مہلوک کی شناخت انارل بسواس کے طور پر ہوئی ہے جس کے جسم پر گولیوں کے نشان ملے ہیں۔

دراصل، یہاں مقامی لوگوں نے بند کا اہتمام کیا تھا۔ اسی دوران ترنمول کانگر س کے بلاک پرمکھ طاہر الدین شیخ کا قافلہ وہاں پہنچا اور مبینہ طور پر اس نے مظاہرین پر گولی چلا دی۔ اس کے بعد یہاں تشدد بھڑک گیا اور شرپسندوں نے کئی دو پہیہ گاڑیوں اور کاروں کو نذر آتش کر دیا۔

ترنمول کانگرس کے مقامی رہنماؤں نے حالانکہ ان تمام الزامات کو مسترد کیا ہے۔ انہوں نے اس تشدد کے پیچھے کانگرس اور سی پی ایم کے مقامی لیڈران کا ہاتھ بتایا ہے۔ ان کا الزام ہے کہ ترنمول کانگرس کے کارکنان علاقے سے گزر رہے تھے، تبھی ان پر حملہ کر دیا گیا۔