یوم پیدائش یکم جنوری پر خاص
ممبئی:بالی ووڈ کی معروف اداکارہ سونالی بیندرے آج 51 برس کی ہو گئی ہیں۔بالی ووڈ کی گولڈن گرل سونالی بیندرے، جو ہندی فلموں اور دیگر شعبوں میں مشہور ہیں، ایک اسٹائل آئیکون کے طور پر بالی ووڈ میں جانی جاتی ہیں سونالی بیندرے کو اکثر ہندستانی سنیما کی سب سے مقبول اور اسٹائلش اداکاراوں میں شمار کیا جاتا رہا ہے انہیں ہندستان کی خوبصورت ترین اداکاراوں میں بھی شامل کیا جاتا ہے۔
یکم جنوری 1975 کو ممبئی میں پیدا ہونے والی سونالی بیندرے کا فلمی دنیا سے کوئی خاندانی تعلق نہیں تھا۔جب انہوں نے فلم انڈسٹری میں آنے کا فیصلہ کیا تو ان کے پاس کسی قسم کا سہارا یا سپورٹ موجود نہیں تھا۔سونالی بیندرے نے ممبئی کے رام نارائن لوہیا کالج سے تعلیم حاصل کی۔کالج کے دنوں میں وہ اچھی طالب علم تھیں اور مختلف سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی تھیں۔
ان کے اعتماد نے ہی انہیں ماڈلنگ کی طرف راغب کیا۔بغیر کسی گاڈ فادر کے انہوں نے اشتہارات سے اپنے کریئر کا آغاز کیا۔ان کا نرما کا اشتہار بے حد مقبول ہوا۔سونالی بیندرے نے بطور اداکارہ اپنے فلمی کریئر کی شروعات سال 1994 میں ریلیز ہونے والی فلم آگ سے کی، جس میں ان کے مدمقابل گووندا تھے۔یہ فلم باکس آفس پر ناکام رہی، لیکن اس کے باوجود سونالی کو اس فلم کے لیے فلم فیئر کا نیو فیس ایوارڈ دیا گیا۔سال 1995 میں سونالی بیندرے منی رتنم کی فلم بمبئی کے مشہور گانے ہمّا ہمّا میں نظر آئیں۔
اس گانے کو اے۔آر۔رحمان نے گایا تھا۔اپنے دلکش ڈانس موومنٹس کی بدولت سونالی خوب چرچا میں آئیں اور ناظرین ان کے دیوانے ہو گئے۔یہ گانا ان کے کریئر کے لیے خاص ثابت ہوا۔