ویٹیکن: اتوار کو جنوبی اسپین میں ہونے والے ایک خوفناک ریل حادثے میں زخمی ہونے والے لوگوں کے لیے عیسائی مذہب کے عظیم پیشوا پوپ لیو نے خصوصی دعائیں کرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کی خواہش ظاہر کی ہے جبکہ اس دردناک حادثے میں کم از کم تین درجن سے زائد ہلاک ہونے والے افراد کی روحوں کے لیے پوپ نے خصوصی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خداوند یسوع متاثرین کو حوصلہ اور طاقت عطا فرمائے تاکہ یہ لوگ اس افسوسناک واقعے کا صدمہ برداشت کر سکیں۔
پوپ کی جانب سے ہسپانوی زبان میں ظاہر کی گئی ہمدردی میں کہا گیا کہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے ان کی طرف سے دلاسہ، گہری تشویش اور نیک تمنائیں پیش کی جا رہی ہیں اور پوپ لیو اس حادثے کے بارے میں جان کر بے حد غمگین ہوئے ہیں۔ انہوں نے امدادی ٹیموں کو راحت اور مدد فراہم کرنے کی اپنی کوششوں میں مصروف رہنے کے لیے حوصلہ افزائی بھی کی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ 18 جنوری کو جنوبی اسپین میں پیش آنے والے اس ریل حادثے کی اصل وجہ کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا جبکہ تحقیقات جاری ہیں۔ سن 1992 میں اسپین کے ہائی اسپیڈ ریل نیٹ ورک کی جانب سے اپنی پہلی لائن کھولنے کے بعد 18 جنوری 2026 کو پیش آنے والا یہ ریل حادثہ کسی ہائی اسپیڈ ریل گاڑی میں ہونے والی اتنی زیادہ اموات کا پہلا واقعہ ہے جس نے پورے اسپین کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔
ویسے اسپین میں اس صدی کا سب سے خوفناک ریل حادثہ سن 2013 میں پیش آیا تھا جب ملک کے شمال مغرب میں ایک ریل گاڑی کے پٹری سے اترنے کے باعث 80 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ ایک تحقیق سے معلوم ہوا تھا کہ جب ریل گاڑی پٹری سے اتری تو وہ 80 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی تھی جبکہ مقررہ رفتار کی حد 50 میل فی گھنٹہ تھی۔