نیشنل ڈیسک: وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو '' کانگرس اور اس کی ساتھی جماعتوں پر پر شہریت ترمیمی قانون کو لے کر جھوٹ پھیلانے کا الزام لگاتے ہوئے انہیں عوامی طور پر یہ چیلنج کیا کہ جموں کشمیر میں دفعہ 370 کو دوبارہ لاگو کرکے اور تین طلاق قانون کو ختم کر کے دکھائے، تو ہم سبھی پاکستانیوں کو شہریت دینے کے لئے تیار ہیں۔

جھارکھنڈ کے بھوگناڈیہہ میں ایک انتخابی ریلی میں وزیر اعظم نے کہاکہ '' میں بہادروں کی اس زمین سے کانگرس، اس کے دوستوں کو کھلا چیلنج دیتا ہوں کہ اگر ہمت ہے تو عوامی اعلان کریں کہ دفعہ 370 کو بحال کیا جائے گا اور تین طلاق قانون کو ختم کر دیا جائے گا ، تو حکومت تمام پاکستانیوں کو بھارتی شہریت دینے کے لئے تیار ہے ۔
اپوزیشن مسلمانوں کے لئے خوف کا ماحول بنارہی ہے
وزیر اعظم مودی نے کہا کہ شہریت ترمیمی قانون سے کوئی شہری متاثر نہیں ہوگا، کانگرس مسائل پیدا کرنے کے لئے لوگوں کو بھڑکا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریت ترمیمی قانون نہ تو کسی ہندوستانی کے حقوق لیتا ہے، نہ ہی اسے کسی بھی طرح نقصان پہنچاتا ہے۔انہوں نے شہریت قانون کو لے کر کانگرس پر جھوٹ پھیلانے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں ہندوستان میں مسلمانوں کے لئے خوف کا ماحول بنا رہی ہیں۔مودی نے اپنے سیاسی حریفوں سے 'گندی سیاست ' بند کرنے اور ملک کے سماجی تانے بانے کو تباہ نہیں کرنے کو کہا۔

طلباء سے بات چیت کے لئے حکومت تیار
وزیر اعظم نے کہا کہ کانگرس کی ووٹ بنک کی سیاست کی وجہ سے لاکھوں دراندازوں نے ہندوستان میں اپنے گھر بنا لئے ہیں۔مودی نے مظاہرہ کر رہے طالب علموں تک بھی اپنا پیغام پہنچانے کی کوشش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت بات چیت کے لئے تیار ہے۔مودی نے شہریت قانون کے خلاف مظاہرہ کر رہے کالج اور یونیورسٹی کے طالب علموں سے اپیل کی کہ وہ جمہوری طریقے سے حکومت کے ساتھ بات چیت کے لئے مسائل کو اٹھائیں۔