نیشنل ڈیسک: کانگریس کے سینئر لیڈر اشوک گہلوت نے منگل کو کہا کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے "ثالثی" کے دعوے کے بعد مرکزی حکومت اپنا اخلاقی حق اور ہمت کھو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو اس معاملے پر ملک کو وضاحت کرنی چاہئے۔
گہلوت نے ایک پریس کانفرنس میں یہ بھی کہا کہ ٹرمپ کے دعوے کے بعد عوامی ردعمل کو دیکھتے ہوئے، بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی)نے "ترنگا یاترا" نکالنے کا فیصلہ کیا۔ وزیر اعظم مودی نے قوم سے خطاب کیا، لیکن یہ مایوس کن تھا۔ ملک اچانک جنگ بندی کو نہیں سمجھ پارہا ہے کیونکہ اسے مکمل طور پر خفیہ رکھا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ نے پہلے بھی ہندوستان پر دباؤ ڈالا لیکن ہندوستان نے کبھی سر نہیں جھکایا اور پاکستان کو دو حصوں میں تقسیم کیا۔ شملہ معاہدے کے دوران بھی ہندوستان نے کسی دوسرے ملک کو مداخلت کی اجازت نہیں دی۔
راجستھان کے سابق وزیر اعلی نے کہا کہ جس طرح سے ڈونالڈ ٹرمپ بیچ میں آ رہے ہیں۔ وزیر اعظم مودی اور حکومت کو اس پر جواب دینا چاہیے۔ انہوں نے سوال کیا کہ حکومت ٹرمپ کے بیانات پر وضاحت کیوں نہیں دے رہی؟ ڈونالڈ ٹرمپ نے کون سی ٹھیکداری لے رکھی ہے ؟
گہلوت نے کہا کہ ٹرمپ کہہ رہے ہیں کہ وہ کشمیر کا مسئلہ بھی حل کریں گے، جب کہ ہندوستان کی پالیسی ہمیشہ دو طرفہ رہی ہے۔ ٹرمپ کی یہ بات بہت سنجیدہ ہے۔ بی جے پی کی "ترنگا یاترا" کے بارے میں پوچھے جانے پر گہلوت نے الزام لگایا کہ امریکی پنچایت میں فوجی آپریشن کو روکنے پر بڑے پیمانے پر عوامی ردعمل ہے۔ اسی ڈر سے بی جے پی ترنگا یاترا نکال رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام سمجھ چکی ہے کہ حقیقت کیا ہے۔
وزیر اعظم مودی کے آدم پور ایئر فورس اسٹیشن کے دورے کے بارے میں گہلوت نے کہا کہ اب پیغام کی سیاست جاری رہے گی۔ یہ ایک پیغام بھیجنے کی کوشش ہے۔ انہوں نے مسلح افواج کی بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کو پاکستان کو ایسی حالت میں رکھنا چاہیے تھا کہ وہ دہشت گردی کا کوئی واقعہ انجام نہ دے سکے لیکن اچانک جنگ بندی ہوگئی۔ ٹرمپ کے اعلان کے بعد پورا ملک صدمے میں ہے کہ یہ کیا ہو رہا ہے؟ جنگ بندی کے بعد بھی پاکستان کے ہندوستان پر حملے جاری رہے۔
گہلوت نے کہا کہ ملک جاننا چاہتا ہے کہ وزیر اعظم مودی پر کس قسم کا دباؤ ہے کہ وہ کوئی وضاحت نہیں کر پا رہے ہیں۔ وزیر اعظم مودی نے کل جب اپنا خطاب دیا تو توقع تھی کہ وہ ان باتوں کا جواب دیں گے، لیکن انہوں نے کچھ نہیں کہا۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ "آپریشن سندور" کو عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے، لیکن جنگ بندی کبھی بھی عارضی نہیں ہوتی۔ کانگریس لیڈر نے کہا کہ حکومت کو واضح کرنا چاہئے کہ کیا آپریشن سندور امریکی دباؤ پر ملتوی کیا گیا؟
گہلوت نے کہا کہ حکومت کو آل پارٹی میٹنگ اور پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس بلانا چاہئے، تاکہ پورے ملک کو معلوم ہو کہ حکومت کی پالیسی کیا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ یہ حکومت اخلاقی حق اور ہمت دونوں کھو چکی ہے۔
ہندوستانی حکومت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ فوجی کارروائی روکنے کا معاہدہ ہندوستان اور پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز (ڈی جی ایم اوز)کے درمیان بات چیت کے بعد طے پایا اور اس میں کوئی تیسرا فریق شامل نہیں تھا۔ ساتھ ہی امریکی صدر نے دعوی کیا ہے کہ انہوں نے نئی دہلی اور اسلام آباد پر دونوں ملکوں کے ساتھ تجارت بند کرنے کی دھمکی دے کر تنازعہ روکنے کے لیے دباؤ ڈالا۔