National News

پاکستان کے آرمی چیف عاصم منیر کی وارننگ : ''امن یا بد امنی ''، کسی ایک کا انتخاب کرے افغانستان

پاکستان کے آرمی چیف عاصم منیر کی وارننگ : ''امن یا بد امنی ''، کسی ایک کا انتخاب کرے افغانستان

اسلام آباد: پاکستان کے آرمی چیف سید عاصم منیر نے ہفتہ کے روز افغانستان کو امن یا بدامنی میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنے کو کہا۔ انہوں نے افغانستان سے یہ بھی کہا کہ وہ پاکستان کے اندر حملوں کے لیے افغان سرزمین استعمال کرنے والے دہشت گردوں کے خلاف سخت اور فوری کارروائی کرے۔ منیر کا یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب پاکستان نے جمعہ کی رات افغانستان میں دہشت گرد ٹھکانوں پر تازہ فضائی حملے شروع کیے۔ یہ حملہ دونوں ملکوں کی جانب سے دو روزہ جنگ بندی میں توسیع کے چند گھنٹے بعد کیا گیا۔
منیر نے خیبر پختونخوا صوبے کے ایبٹ آباد میں واقع پاکستان ملٹری اکیڈمی (پی ایم اے)کاکول میں فوجی کیڈٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے افغانستان کا ذکر کیا اور اسے امن یا بدامنی میں سے ایک کے انتخاب کو کہا۔ منیر نے خبردار کیا کہ افغانستان کی سرزمین استعمال کرنے والے تمام خفیہ دہشت گردوں کو مٹی میں ملا دیا جائے گا۔ پاکستان کی جانب سے جمعہ کو کیے گئے حملے شمالی وزیرستان میں ایک فوجی تنصیب پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد کیے گئے ہیں، جس کی ذمہ داری تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی)کے حافظ گل بہادر گروپ نے قبول کی ہے۔
یہ حملے ایسے وقت میں کیے گئے ہیں جب دونوں ملکوں کے نمائندوں کی دوحہ میں ملاقات ہونے کی امید ہے، جہاں قطر کی حکومت ثالثی کی کوشش کر رہی ہے۔ پاکستان مسلسل طالبان حکومت سے اپیل کرتا رہا ہے کہ دہشت گرد گروہوں کو سرحد پار حملوں کے لیے افغانستان کی سرزمین استعمال کرنے سے روکا جائے۔ تاہم، کابل ان الزامات کی تردید کرتا رہا ہے اور زور دے کر کہتا رہا ہے کہ افغانستان کی سرزمین کا استعمال کسی بھی ہمسایہ ملک کے خلاف نہیں کیا جا رہا۔ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی)کی جانب سے مبینہ طور پر افغان سرزمین استعمال کرتے ہوئے بار بار دہشت گرد حملے کیے جانے کے بعد دونوں ہمسایہ ملکوں کے تعلقات خراب ہو گئے ہیں۔
 



Comments


Scroll to Top