انٹرنیشنل ڈیسک: پاکستان نے جمعہ کو کہا ہمارے افغانستان کے ساتھ اگلے دور کے مذاکرات چھ نومبر کو ہوں گے اور اس مذاکرات سے ’مثبت نتائج‘ کی امید ظاہر کی گئی ہے۔ اپنے ہفتہ وار پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر اندرا بی نے یہ بھی کہا کہ پاکستان پڑوسی ملک کے ساتھ کشیدگی نہیں بڑھانا چاہتا۔ انہوں نے کہا، ”پاکستان ثالثی کے عمل میں شامل رہے گا اور چھ نومبر کے مذاکرات کے مثبت نتائج کی امید کرتا ہے۔
اس مہینے کے آغاز میں ایک مختصر جھڑپ کے بعد پاکستان اور افغانستان کے درمیان ہوئے جنگ بندی معاہدے کے بعد اگلے دور کے مذاکرات طے کےے گئے تھے۔ پہلے دور کے مذاکرات 18 اور 19 اکتوبر کو دوحہ میں ہوئے تھے، اس کے بعد 25 اکتوبر کو استنبول میں دوسرے مذاکرات ہوئے جو کئی دنوں تک چلے لیکن سرحد پار دہشت گردی کے اہم مسئلے پر کسی کامیابی کے بغیر ختم ہو گئے۔ لیکن اس عمل کو بچانے کے لیے پردے کے پیچھے کوششیں جاری رہیں، جن میں ترکی نے تعطل کو ختم کرنے اور چھ نومبر کے مذاکرات کا راستہ ہموار کرنے میں کردار ادا کیا۔
اس کے علاوہ، وزیر دفاع خواجہ آصف نے افغان طالبان کے اس دعوے کو مسترد کر دیا کہ ٹی ٹی پی دہشت گرد افغانستان میں رہنے کے بعد وطن واپس لوٹنے والے ‘پاکستانی پناہ گزین‘ ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ ”یہ نام نہاد پناہ گزین تباہ کن ہتھیاروں سے لیس ہو کر کیسے واپس آ رہے ہیں؟ مرکزی سڑکوں پر بسوں، ٹرکوں یا کاروں میں کھلے عام سفر کرنے کے بجائے، چوروں کی طرح دشوار گزار پہاڑی راستوں سے پاکستان میں داخل ہو رہے ہیں۔“
انہوں نے کہا کہ یہ دلیل افغانستان کے فریب اور بد نیتی کو بے نقاب کرتی ہے۔ آصف نے ’جیو ٹی وی‘ سے کہا کہ جب تک کابل ٹی ٹی پی کو اپنی حمایت دینا بند نہیں کرتا، تب تک افغانستان کے ساتھ تعلقات کبھی معمول پر نہیں آسکتے۔