میکسیکو سٹی: رنگ برنگی روشنی، تیز موسیقی اور تہوار کا ماحول... لیکن اچانک گولی چلنے کی آواز نے ہر خوشی کو ماتم میں بدل دیا۔ میکسیکو کی تشدد زدہ ریاست گوانجواٹو میں منگل کی رات ایک ثقافتی تقریب پر ہونے والے خوفناک حملے نے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا۔ اس دل دہلا دینے والے واقعے میں ایک نابالغ سمیت کم از کم 12 افراد ہلاک جب کہ 20 کے قریب افراد زخمی ہوئے۔ یہ حملہ ایرپواٹوشہر میں ہوا جہاں لوگ سینٹ جان دی بپٹسٹ کے اعزاز میں روایتی تہوار منا رہے تھے۔
جشن کے دوران چلیں گولیاں
عینی شاہدین اور وائرل ہونے والی ویڈیوز کے مطابق مقامی لڑکے اور لڑکیاں خوشی سے رقص کر رہے تھے کہ اچانک شدید فائرنگ شروع ہو گئی۔ افراتفری میں لوگ جان بچانے کے لیے ادھر ادھر بھاگنے لگے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کیسے جشن کا ماحول چند ہی لمحوں میں چیخ و پکار میں بدل گیا۔
مقامی انتظامیہ کا ردعمل
ایرپواٹو(Irapuato ) کے اہلکار روڈولفو گمیزسروینٹس( Rodolfo Gmez Cervantes ) نے تصدیق کی کہ حملے میں 12 افراد ہلاک ہوئے، جب کہ متعدد زخمیوں کو ہسپتال میں داخل کرایا گیا۔
https://x.com/CorresponsalsMX/status/1937924232593478002
صدر کا بیان اور تحقیقات شروع
میکسیکو کی صدر کلاؤڈیا شین بام نے اس ہولناک حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت مجرموں کو نہیں بخشے گی اور معاملے کی مکمل چھان بین کی جا رہی ہے۔
گوانجواٹو(Guanajuato) تشدد کا گڑھ
یہ واقعہ ایک ایسی ریاست میں پیش آیا جو پہلے ہی منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ گروہوں کے درمیان جاری گینگ وار کے لیے بدنام ہے۔ صرف 2025 کے پہلے پانچ مہینوں میں اس ریاست میں 1400 سے زیادہ قتل ریکارڈ کیے گئے ہیں جو کہ ملک کی کسی بھی دوسری ریاست سے زیادہ ہے۔
چند ہفتے قبل بھی ہوا تھا حملہ
قابل ذکر ہے کہ گزشتہ ماہ اسی ریاست کے شہر سان بارٹولو ڈے بیریوس میں ایک مذہبی پروگرام کے دوران سات افراد کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔