بزنس ڈیسک: ہندوستان نے گزشتہ 11 سالوں میں دفاعی برآمدات کے میدان میں زبردست ترقی کی ہے۔ جہاں مالی سال 2014 میں ملک کی دفاعی برآمدات محض 686 کروڑ روپے تھی، وہیںیہ تعداد مالی سال 2025 میں 34 گنا بڑھ کر 23,622 کروڑ روپے تک پہنچ گئی۔ حکومت اب اسے مالی سال 2026 میں 30,000 کروڑ اور مالی سال 2029 تک 50,000 کروڑ تک لے جانے کا ارادہ رکھتی ہے۔
ماہرین کا ماننا ہے کہ دفاعی پیداوار اور برآمدات میں یہ اضافہ حکومت کی جانب سے کئی اصلاحاتی اقدامات کی وجہ سے ہوا ہے جیسے صنعتی لائسنسنگ کے عمل کو آسان بنانا، پرزوں اور اجزا کو لائسنسنگ نظام سے باہر نکالنا، اور برآمدی قوانین میں نرمی دینا۔ ان کوششوں نے ہندوستان کو دفاعی سازوسامان کے خالص درآمد کنندہ سے ابھرتے ہوئے برآمد کنندہ میں تبدیل کردیا ہے۔
ریکارڈ توڑ کارکردگی
ہندوستان کی دفاعی برآمدات مالی سال 25 میں 21,083 کروڑ روپے سے بڑھ کر 23,622 کروڑ روپے تک پہنچ گئی، جو کہ 12 فیصد اضافہ ہے۔ وزارت دفاع کے مطابق، ہندوستان اب 100 سے زیادہ ممالک کو اسلحہ، گولہ بارود، سسٹم، ذیلی نظام اور دیگر دفاعی آلات برآمد کرتا ہے۔ سب سے اوپر تین درآمد کرنے والے ممالک امریکہ، فرانس اور آرمینیا ہیں۔
حکومت اور نجی شعبے کا کردار
نجی شعبے نے مالی سال 2025 میں کل دفاعی برآمدات میں 15,233 کروڑ کا حصہ ڈالا، جب کہ دفاعی پبلک سیکٹر انڈرٹیکنگز (DPSUs) نے 8,389 کروڑ کی برآمد کی۔ یہ مالی سال 2024 میں ہوئے 5,874 کروڑ کی برآمدات سے 42.9 فیصد زیادہ ہے۔ ہندوستان کی دفاعی برآمدات 2014-24 کی دہائی میں 4,312 کروڑ روپے سے بڑھ کر 88,319 کروڑ ہوگئی، جو کہ 21 گنا زیادہ ہے۔
اہم برآمدی اشیا ء اور ٹیکنالوجیز
اب ہندوستان جدید آلات جیسے بلٹ پروف جیکٹس، ڈورنیئر (Do-228) ہوائی جہاز، چیتک ہیلی کاپٹر، انٹرسیپٹر بوٹس، ہلکے تارپیڈو، نائٹ ویژن ڈیوائسز، ریڈار اور ہائی فریکوئنسی ریڈیو برآمد کرتا ہے۔ براہموس میزائل، K4 اور K15 جیسے بیلسٹک میزائل بھی بین الاقوامی صارفین کی توجہ مبذول کر رہے ہیں۔
برآمدات بڑھانے کے لیے قدم
وزارت دفاع نے برآمدات کو آسان بنانے کے لیے 2021 میں قوانین میں نرمی کی۔ اب ذیلی نظام، پلیٹ فارم اور اجزا کو بار بار منظوری کے بغیر ایک وقتی منظوری کے تحت برآمد کیا جا سکتا ہے۔ ا سکے علاوہ ، 'اوپن جنرل ایکسپورٹ لائسنس' (OGEL) سسٹم کو لاگو کیا گیا، جس سے منتخب ممالک کو مخصوص مصنوعات کی برآمد ایک بار کی اجازت سے ممکن ہو گئی ۔
تیزی سے بڑھتے ہوئے برآمد کنندگان
مالی سال 2025 میں، وزارت دفاع نے مجموعی طور پر 1,762 برآمدی اجازت نامے جاری کیے جو کہ مالی سال 2024 میں 1,507 تھے، جس میں 16.92 فیصد اضافہ ہوا۔ اسی عرصے کے دوران دفاعی برآمد کرنے والی کمپنیوں کی تعداد میں بھی 17.4 فیصد اضافہ ہوا۔