انٹرنیشنل ڈیسک: جنوبی کوریا نے ہندوستان سمیت چھ ممالک سے آنے والے گروپ سیاحوں کے لیے ویزا پروسیسنگ فیس میں دی جانے والی چھوٹ کو آئندہ چھ ماہ کے لیے بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ رعایت اب جون 2026 کے اختتام تک نافذ رہے گی۔ وزیر خزانہ کو یون- چول نے بتایا کہ C3-2 ویزا ( گروپ سیاحتی ویزا) پر لگنے والے 18000 وون،( تقریبا 12.5 امریکی ڈالر) کی پروسیسنگ فیس کو عارضی طور پر معاف رکھا جائے گا۔ یہ اسکیم اصل میں 31دسمبر کو ختم ہونے والی تھی۔
اس فیصلے کا مقصد بیرونی سیاحت کی رفتار کو برقرار رکھنا ہے۔ جن چھ ممالک کو اس توسیع کا فائدہ ملے گا ان میں چین، ہندوستان ، ویتنام، فلپائن، انڈونیشیا اور کمبوڈیا شامل ہیں۔ اسی دوران سرکاری اعداد و شمار کے مطابق نومبر کے مہینے میں جنوبی کوریا آنے والے غیر ملکی سیاحوں کی تعداد میں سالانہ بنیاد پر 17.3 فیصد اضافہ درج کیا گیا ہے۔ نومبر میں تقریبا 16 لاکھ غیر ملکی سیاح کوریا پہنچے، جو نہ صرف گزشتہ برس سے زیادہ ہے بلکہ وبا سے پہلے 2019 کی سطح سے بھی9.6 فیصد زیادہ ہے۔
جن ممالک سے سیاح آئے ہیں ، ان ممالک میں چین سرفہرست رہا جہاں سے 3.78 لاکھ سیاح آئے۔ اس کے بعد جاپان، تائیوان، امریکہ اور فلپائن کا نمبر رہا۔ جاپانی سیاحوں کی تعداد 2019 کے مقابلے میں چالیس فیصد سے زیادہ بڑھ گئی ہے۔ جنوری سے نومبر کے درمیان مجموعی طور پر 1.74 کروڑ غیر ملکی سیاح جنوبی کوریا پہنچے، جو 2019 کی سطح سے بھی زیادہ ہے۔ وزارت ثقافت، کھیل اور سیاحت کو امید ہے کہ اس سال مجموعی سیاحوں کی تعداد ایک کروڑ 87 لاکھ سے تجاوز کر کے نیا ریکارڈ قائم کرے گی اور دو کروڑ کے تاریخی ہندسے کے قریب پہنچ جائے گی۔