ڈھاکہ: بنگلہ دیش کی سابق وزیر اعظم خالدہ ضیا کو بدھ کے روز سپرد خاک کیا جائے گا اور انہیں ان کے شوہر اور سابق صدر ضیا ء الرحمن کی قبر کے پہلو میں دفن کیا جائے گا۔ عبوری حکومت نے منگل کے روز یہ اطلاع دی۔ بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کی طویل عرصے تک سربراہ رہیں اور تین مرتبہ وزیر اعظم رہ چکی خالدہ ضیا کا طویل علالت کے بعد صبح ڈھاکہ میں انتقال ہو گیا۔ ان کی عمر 80 برس تھی۔ خبر رساں پورٹل بی ڈی نیوز24 ڈاٹ کام نے قانونی مشیر آصف نظرُل کے حوالے سے بتایا کہ خالدہ ضیا کی آخری رسومات بدھ کے روز ظہر کی نماز کے بعد مانک میاں ایونیو میں ادا کی جائیں گی۔
نظرُل نے عبوری حکومت کی مشاورتی کونسل کے سرکاری مہمان خانہ جمنا میں ہونے والی خصوصی نشست کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ بعد ازاں خالدہ ضیا کو ان کے شوہر، سابق صدر اور بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کے بانی ضیا ء الرحمن کی قبر کے پہلو میں، ڈھاکہ کے شیر بنگلہ نگر میں واقع ضیا اودھان میں مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ دفن کیا جائے گا۔ بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کے جنرل سیکریٹری مرزا فخرالاسلام عالمگیر خصوصی مدعو کی حیثیت سے اس نشست میں شریک ہوئے۔ اس سے قبل چیف ایڈوائزر محمد یونس نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے تین دن کے سرکاری سوگ اور ایک دن کی عام تعطیل کا اعلان کیا۔ یونس نے قوم کے نام ٹیلی ویژن پر نشر خطاب میں عوام سے اپیل کی کہ وہ ضبط و تحمل سے کام لیں اور امن و امان برقرار رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم بیگم خالدہ ضیا کے انتقال پر میں تین دن کے سرکاری سوگ اور کل ان کی تدفین کے روز ایک دن کی تعطیل کا اعلان کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ اس وقت آپ سب انتہائی غمگین ہیں۔ مجھے امید ہے کہ آپ اس سوگ کے دوران صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں گے اور ان کی نماز جنازہ سمیت تمام رسمی امور کی ادائیگی میں شامل تمام متعلقہ افراد کے ساتھ تعاون کریں گے۔ یونس نے کہا کہ حکومت آخری رسومات کے موقع پر ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔