انٹرنیشنل ڈیسک : امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران میں مظاہرین کے خلاف طاقت کے استعمال پر امریکہ کی جوابی کارروائی کی دھمکی کے بعد اس مغربی ایشیائی ملک نے امریکہ سے رابطہ کیا اور بات چیت کی پیشکش کی۔
ٹرمپ نے ایئر فورس ون میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران کہا کہ ان کی انتظامیہ تہران کے ساتھ ملاقات کے لیے بات چیت کر رہی ہے، لیکن انہوں نے خبردار کیا کہ ایران میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھنے اور حکومت کی جانب سے مظاہرین کی گرفتاری کا سلسلہ جاری رہنے کے باعث انہیں پہلے کارروائی کرنی پڑ سکتی ہے۔
ٹرمپ نے کہا، میرا خیال ہے کہ وہ امریکہ سے مار کھا کھا کر تھک چکے ہیں۔ ایران بات چیت کرنا چاہتا ہے۔ ایران میں ملک گیر احتجاج پرکارروائی کے دوران کم از کم 544 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جبکہ انسانی حقوق کے کارکنوں نے اتوار کو کہا کہ یہ تعداد اس سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔