لندن: بھارتی نژاد ماہر فلکیات پروفیسر سرینواس کلکرنی کو فلکیات میں ان کی اہم دریافتوں کے لیے لندن میں واقع ‘رائل ایسٹرونومیکل سوسائٹی’ کی جانب سے باوقار طلائی تمغے سے نوازا گیا۔ مہاراشٹر میں پیدا ہونے والے کلکرنی کیلیفورنیا انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی میں فلکیات اور سیاروی سائنس کے پروفیسر ہیں، جہاں انہوں نے ‘براون ڈوارف’ اور دور دراز گاما شعاعوں کے دھماکوں سمیت فلکی اجسام کی ایک وسیع رینج کی دریافت کی ہے۔ گزشتہ ہفتے انہیں ملنے والے آر اے ایس طلائی تمغے کے تعریفی سند میں “فلکی طبیعیات میں ان کے مسلسل، اختراعی اور بے مثال تعاون” کو تسلیم کیا گیا ہے۔
سن 1824 سے ہر سال دیا جانے والا یہ اعلیٰ ترین اعزاز حاصل کر کے وہ اسٹیفن ہاکنگ، جوسلین بیل برنیل، البرٹ آئن اسٹائن اور ایڈون ہبل جیسی عظیم سائنسی شخصیات کی صف میں شامل ہو گئے ہیں۔ کلکرنی نے کہا، یہ جان کر مجھے بہت حیرت ہوئی، خاص طور پر گزشتہ فاتحین کی شاندار فہرست کو دیکھتے ہوئے انہوں نے کہا، میں اپنے طویل مدتی ساتھیوں اور پالومر ٹرانزینٹ فیکٹری اور زوِکی ٹرانزینٹ فسیلٹی کی انجینئرنگ ٹیم اور اراکین کا منصوبوں میں ان کے بیش قیمت تعاون کے لیے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ حال ہی میں فلکیات میں 2024 کا شا انعام حاصل کرنے والے کلکرنی 1985 میں کیلٹیک سے وابستہ ہوئے اور تب سے انہوں نے کئی اہم دریافتیں کی ہیں۔