National News

بارش نہ رکی تو آئی پی ایل کا فائنل پیر کو ہوگا

بارش نہ رکی تو آئی پی ایل کا فائنل پیر کو ہوگا

 احمد آباد:چنئی سپر کنگز اور گجرات ٹائٹنز کے درمیان اتوار کو ہونے والا آئی پی ایل اگر رات 12:06 بجے تک شروع نہیں ہوتا ہے تو اسے پیر تک ملتوی کر دیا جائے گا۔ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے ضوابط کے مطابق، آئی پی ایل فائنل کے لیے پیر کو اضافی دن کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔ احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں اس وقت بارش ہو رہی ہے جس کی وجہ سے فائنل اپنے مقررہ وقت 7:30 بجے شروع نہیں ہو سکا۔

اگر میچ رات 9 بج کر 35 منٹ پر شروع نہیں ہوتا ہے تو ٹائٹل میچ کے اوورز کم ہونا شروع ہو جائیں گے۔ اگر میچ رات 11 بجکر 56 منٹ پر شروع ہوتا ہے تو دونوں ٹیمیں پانچ پانچ اوورز بیٹنگ کریں گی۔ میچ رات 12:06 بجے شروع ہونے پر فاتح کا فیصلہ سپر اوورسے ہوگا۔ قواعد کے مطابق، اگر دونوں دنوں فائنل نہیں ہوتا ہے، تو لیگ مرحلے کے اختتام پر پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست رہنے والی ٹیم آئی پی ایل کا ٹائٹل جیت جائے گی۔

لیگ مرحلے کے اختتام کے بعد گجرات 10 جیت اور چار ہار کے ساتھ 20 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر سرفہرست تھی، جبکہ چنئی آٹھ جیت، پانچ ہار اور ایک ڈرا سمیت 18 پوائنٹس حاصل کرکے دوسرے نمبر پر تھی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کو احمد آباد میں بارش کا 10 فیصد امکان ہے۔ 
 



Comments


Scroll to Top