نیشنل ڈیسک: جاپان میں جمعہ کی دیر رات برفانی موسم کے دوران ایک ایکسپریس وے پر ہونے والے شدید حادثے میں ایک شخص ہلاک ہو گیا اور26 افراد زخمی ہو گئے۔ گنما صوبے کی ہائی وے پولیس نے ہفتے کے روز بتایا کہ کان - ایتسو ایکسپریس وے پر میناکامی قصبے کے قریب دو ٹرکوں کے آپس میں ٹکرانے کے بعد متعدد گاڑیاں ایک دوسرے سے جا ٹکرائیں۔ میناکامی ٹوکیو سے تقریبا ایک سو ساٹھ کلومیٹر شمال مغرب میں واقع ہے۔
پولیس نے بتایا کہ حادثے میں ٹوکیو کی77 سالہ خاتون کی موت ہو گئی، جبکہ زخمی ہونے والے26 افراد میں سے پانچ کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ پولیس کے مطابق ٹرکوں کی ٹکر سے ایکسپریس وے کا کچھ حصہ بند ہو گیا اور پیچھے سے آنے والی گاڑیوں کی برفلی سڑک ہونے کی وجہ سے بروقت بریک نہ لگ سکی ، جس کے نتیجے میں پچاس سے زیادہ گاڑیاں ایک دوسرے سے ٹکرا گئیں۔
پولیس نے مزید بتایا کہ ٹکرا ؤ کے باعث ایک درجن سے زیادہ گاڑیوں میں آگ لگ گئی اور کچھ گاڑیاں مکمل طور پر جل گئیں۔ پولیس کے مطابق آگ پر قابو پانے میں تقریبا سات گھنٹے لگے۔