نئی دہلی: وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے ویروار کو کہا کہ وہ چین کے مسئلہ پر لوک سبھا میں بحث کے لئے تیار ہیں۔ کانگرس لیڈر ادھیر رنجن چودھری نے چندریان 3 مشن پر لوک سبھا میں شروع ہونے والی بحث کے دوران وزیر دفاع کے بیان کے درمیان سنگھ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ میں ہمت ہے تو چین کے مسئلہ پر بات کریں۔ اس پر سنگھ نے کہا کہ وہ چین کے سلسلے میں بحث کے لئے تیار ہیں اور اپنا سینہ چوڑا کرکے فخر کے ساتھ چین کے معاملے پر بحث کے لئے تیار ہیں ۔
مرکزی وزیردفاع راج ناتھ سنگھ نے چندریان - 3 کی کامیابی پر بحث کے دوران آج لوک سبھا میں کہا کہ ہندوستان چاند ،سورج اور تاروں کو چھونے کے لئے تیار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چندریان - 3 کی کامیابی محض ایک شروعات ہے مستقبل قریب میں ہم اسپیس کے مزید نئے مشنوں کو انجام دینے جارہے ہیں۔ خلا میں کئی اہداف ہمارا انتظار کر رہے ہیں۔
راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ دنیا کے کئی ترقی یافتہ اور دولت مند ممالک اپنے اپنے چندریان مشن کی کامیابی کے لئے آج بھی کوشاں ہیں لیکن ہندستان کی پہلے چندریان ۔ 3 کی شاندار کامیابی اور اس کے چند دن بعد ہی آدتیہ ایل ۔ 1 کی کامیابی نے اس کا سر فخر سے اونچا کردیا ہے ، جس کے لئے انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن (اسرو) کے سائنسداں قابل مبارکباد ہیں جن کی انتھک کوششوں سے ملک کو یہ کامیابی ملی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چندریان ۔ 3 کی کامیابی کی وجہ سے ہندوستان کا پوری دنیامیں صف اول کے ملکوں میں شمار کیا جانے لگا ہے اور دنیا ہندوستان کو ایک برتر ملک کے نظریے سے دیکھنے لگی ہے ۔