پٹنہ: بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار کی دسویں حلف برداری کی تقریب میں بہاری گمچھا جوش ، مبارک باد اور خیرمقدم کی علامت بن گیا بہار میں منعقدہ انتخابات کے دوران ریلیوں میں گمچھا لہرانا ایک فیشن بن گیا تھا اور جب سے وزیراعظم مودی نے گمچھا لہرایا ہے، اس کی تو شان ہی دوبالا ہو گئی ہے بس اسے گلے میں ڈال لیجیے اور جب دل خوش ہو جائے تو تالیاں بجانے کی جگہ اسی کو لہرا دیجیے گمچھا لہرا رہے نوجوان راجیو تیواری سے پوچھا تو معلوم ہوا کہ جناب بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) یووا مورچہ کے علاقائی عہدیدار ہیں۔ یواین آئی نے پوچھا کہ بہت خوش نظر آ رہے ہیں، گمچھا لہرا رہے ہیں۔
مسٹر تیواری نے جواب دیا کہ گمچھا وزیراعظم کو بہت پسند ہے اور اب یہ خوشی کے ساتھ احترام کی علامت بن گیا ہے۔ مسٹر تیواری نے کہا کہ کچھ لوگ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی مخالفت کی نیت سے گمچھے کی بھی مخالفت کرنے لگتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گمچھا تو ہماری خوشحال دیہی ثقافت کی علامت ہے۔ اسے گلے میں ڈال لیجیے، زمین پر بچھا لیجیے یا بھوک لگے تو اسی میں ستوا سان کر کھا لیجیے۔
وزرائ حلف لے رہے تھے اور جنہیں بھی ناظرین کی نشستوں سے وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کا خیرمقدم کرنا تھا، بس گمچھا لہرا رہے تھے۔ دیکھتے ہی دیکھتے گمچھا جوش کی علامت بن گیا تھا۔
اب کیا کہیں بھائی! گمچھا، تو ماضی بھی ہے، حال بھی ہے، تہذیب بھی ہے، ثقافت بھی ہے، ایک سوچ بھی ہے اور جذبہ و جوش بھی۔