نیشنل ڈیسک :شہریت ترمیمی قانون( سی اے اے )کے نام پر دہلی میں ہوئے تشدد میں اب تک 22 لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔ جبکہ تقریباً 200 لوگ زخمی ہوئے ہیں۔ بدھ کو دہلی پولیس اور نیم فوجی دستوں نے تشدد سے متاثرہ علاقوں میں مارچ کیا۔ تشدد پر وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی بدھ کو بیان دیا اور دہلی والوں سے امن کی اپیل کی۔قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال بھی ایکشن میں ہیں۔انہوں نے تشدد سے متاثرہ شمال مشرقی علاقوں کا دورہ کیا اور لوگوں سے بات چیت کر ان کو سمجھایا ۔

وہیں مشرقی دہلی میں ہوئے تشدد کو لے کر دہلی پولیس کے پی آر او ایم ایس رندھاوا نے پریس کانفرنس کر کہا کہ تشدد کے معاملے میں اب تک 106 افراد کو گرفتار کیا گیا، جبکہ 18 لوگوں کے خلاف اے آئی آر درج کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر کارروائی جاری ہے۔متاثرہ علاقوں میں بھاری تعداد میں پولیس اہلکار تعینات ہیں۔ڈرون کیمرے سے نگرانی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن کے مکانات کی چھتوں پر پتھر نظر آئے ان کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔
ایم ایس رندھاوا نے کہا کہ لوگ افواہوں پر دھیان نہ دیں۔ دہلی پولیس نے ہیلپ لائن نمبر 011-22829334 اور 011-22829935 جاری کئے ہیں۔ لوگ ان نمبروںپر جانکاری دے سکتے ہیں۔