نئی دہلی: آپ کنوینر اروند کیجریوال نے وزیر اعظم نریندر مودی کو اتوار کو ہونے والی اپنی حلف برداری تقریب کے لئے مدعو کیا ہے۔ 'آپ'نے بتایا کہ جمعرات کو وزیر اعظم کو دعوت بھیجی گئی ہے ۔کیجریوال اپنی کابینہ کے ساتھ اتوار کو صبح 10 بجے رام لیلا میدان پر وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف لیں گے۔ اروند کیجریوال مسلسل تیسری بار دہلی کے وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیں گے۔ 11 فروری، منگل کو دہلی الیکشن نتائج آنے کے بعد سے ہی عام آدمی پارٹی حلف برداری کی تقریب کی تیاریوں میں لگی ہوئی ہے-
پوری دہلی کو دی گئی دعوت
دہلی میںبھاری اکثریت سے ملی جیت کے بعد اروند کیجریوال اب تیسری بار وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف لینے کے لئے تیار ہیں۔ 16 فروری دن اتوار کو کیجریوال رام لیلا میدان میں صبح 10 بجے وزیر اعلی کے عہدے کا حلف لیں گے اور اس کی گواہ پوری دہلی بننے جا رہی ہے۔ کیجریوال کی تاجپوشی کی تیاریاں ابھی سے شروع ہو گئی ہیں ۔کیجریوال کے حلف کی تقریب کے لئے پوری دہلی کو دعوت دی گئی ہے لیکن اس میں کوئی بیرونی مہمان شامل نہیں ہوگا۔ پارٹی لیڈر گوپال رائے نے جمعرات کو بتایا کہ کیجریوال کے حلف کی تقریب میں کوئی وزیر اعلیٰ یا دیگر ریاستوں کے کسی لیڈر کو مدعو نہیں کیا جائے گا، یہ صرف دہلی تک محدود رہے گی۔
نہیں بلائے جائیں گے دوسری ریاستوں کے وزیر اعلیٰ
کیجریوال نے 2015 میں بھی رام لیلا میدان میں ہی حلف لیا تھا۔اس بار طے کیا گیا ہے کہ کسی بھی دوسرے ریاست کے وزیر اعلیٰ یا پارٹی صدور کو حلف برداری کی تقریب میں مدعو نہیں کیا جائے گا۔
بتادیں آپ نے دہلی اسمبلی انتخابات میں اس بار 62 سیٹوں پر قبضہ کیا ہے۔ بی جے پی کو 8 سیٹوں پر کامیابی حاصل ہوئی ہے ۔وہیں کانگرس مسلسل دوسری بار دہلی میں کھاتہ کھولنے میں ناکام رہی۔