Latest News

تائیوان کی فوجی مشق سے تلملایا چین، 8 تائیوانی دفاعی کمپنیوں پر لگائی پابندی

تائیوان کی فوجی مشق سے تلملایا چین، 8 تائیوانی دفاعی کمپنیوں پر لگائی پابندی

بیجنگ: چین نے بدھ کے روز تائیوان کی فوج سے جڑی آٹھ کمپنیوں پر برآمدی پابندیاں عائد کر دیں۔ اس نے یہ قدم ایسے وقت اٹھایا ہے جب تائیوان کے خود مختار جزیرے نے اپنی سالانہ فوجی مشقیں شروع کر دی ہیں۔ چین کی وزارت تجارت نے قومی اور علاقائی سلامتی کے خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے تائیوان کی ایرو اسپیس اور جہاز سازی سمیت آٹھ کمپنیوں کو برآمد پر پابندی کی فہرست میں ڈال دیا ہے۔ نئے قوانین فوری طور پر نافذ العمل ہو گئے ہیں اور ان کمپنیوں کے تحت دوہری استعمال کی اشیا(ایسی اشیا ء جو سویلین اور فوجی دونوں مقاصد کے لیے استعمال کی جا سکتی ہیں)کی برآمد پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
یہ پابندی ایک ایسے وقت میں لگائی گئی ہے جب تائیوان نے اپنی سالانہ ہان کوانگ فوجی مشقیں شروع کی ہیں۔ اس سال کی مشقیں اب تک کی سب سے بڑی اور طویل ترین مشقیں تصور کی جارہی ہیں جو تقریبا 10 دن تک جاری رہیں گی۔ تائیوان نے بدھ کو سالانہ فوجی مشقوں کا آغاز کیا، جس کا مقصد چینی حملے کے خطرات سے بچانا ہے۔ تائیوان کی وزارت دفاع نے کہا کہ مشقوں کا آغاز چینی ساحلی محافظوں اور بحری ملیشیا کے جہازوں کی کارروائیوں کا مقابلہ کرنے کے ساتھ ہوا ، جس میں چینی ساحل کے قریب آف شور جزائر کے ارد گرد تائیوان کے بحری جہازوں کے لیے  پریشانی کا باعث بن رہے ہیں۔
وزارت نے عوام پر زور دیا کہ وہ پروازوں یا ٹریفک میں کسی قسم کی رکاوٹ کے ساتھ صبر سے کام لیں اور مشقوں کے بارے میں پھیلائی جانے والی غلط معلومات پر یقین نہ کریں۔ چین تائیوان کو اپنا علاقہ قرار دیتا ہے اور ضرورت پڑنے پر طاقت کے ذریعے  اس پر قبضے کرنے کی دھمکی دیتا ہے۔ بیجنگ نے تائیوان کے صدر لائی چنگ تے کو علیحدگی پسند قرار دیتے ہوئے ان کے ساتھ بات چیت سے انکار کر دیا ہے۔
 



Comments


Scroll to Top