پشاور: پاکستان کے صوبہ پنجاب میں بدھ کے روز ایک شخص نے مبینہ طور پر اپنی بیٹی کو گولی مار کر ہلاک کر دیا کیونکہ اس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ٹک ٹاک' سے اپنا اکاؤنٹ ڈیلیٹ کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ پولیس نے یہ جانکاری دی۔ واقعہ راولپنڈی کے علاقے ڈھوک چوہدریاں تخت پری میں پیش آیا۔ پولیس نے بتایا کہ ملزم نے اپنی بیٹی کو کئی بار TikTok اکاؤنٹ ڈیلیٹ کرنے کے لیے کہا تھا۔
پولیس نے بتایا کہ جب لڑکی نے انکار کیا تو ملزم نے مبینہ طور پر اسے گولی مار دی، جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گئی۔ مقدمے میں درج ایف آئی آر کے مطابق ملزم فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہوگیا، جس کی تلاش جاری ہے۔ پولیس کا کہنا تھا کہ ابتدائی طور پر اہل خانہ نے قتل کو خودکشی قرار دینے کی کوشش کی ، تاہم تفتیش کے دوران جمع ہونے والے شواہد قتل کی جانب اشارہ کررہے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی تفصیلی تفتیش کی جا رہی ہے۔