نئی دہلی: شہریت ترمیمی قانون( سی اے اے )اور نیشنل رجسٹر آف سٹیزنز( این آر سی ) کو لے کر کانگرس نے پیر کو میٹنگ بلائی ہے۔ملی معلومات کے مطابق اپوزیشن کی اس میٹنگ میںعام آدمی پارٹی بھی شامل نہیں ہوگی۔دراصل اس سے پہلے مایاوتی اور ممتا بنرجی اس اجلاس سے کنارہ کر چکی ہیں۔ اب 'آپ'نے بھی اس میٹنگ میں شامل نہیں ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
بتا دیں کہ شہریت ترمیمی قانون کے خلاف ملک بھر میں مظاہروں کے درمیان مشترکہ حکمت عملی بنانے کے لئے کانگرس نے سی اے اے پر اپنی ہم خیال تمام پارٹیوں کو پیر کو ایک ملاقات کے لئے مدعو کیا ہے۔ طالب علموں پر پولیس کی مبینہ زیادتی کے خلاف تمام اپوزیشن پارٹیاں آج دوپہر قریب 2 بجے میٹنگ کریں گی ۔ مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے مظاہروں اور اس کی وجہ سے مختلف یونیورسٹیوں میں ہو رہے تشدد کے پیش نظر میٹنگ میں حصہ لینے سے انکار کر دیا تھا وہیں اتوار کو بی ایس پی ذرائع نے بتایا کہ پارٹی شاید اجلاس میں کسی نمائندے کو نہیں بھیجے گی۔ذرائع نے بتایا کہ کانگرس کے ساتھ بی ایس پی کے اختلافات کو اس اقدام کی وجہ بتایا جا رہا ہے۔
بتا دیں کہ سی اے اے کے خلاف جب اپوزیشن پارٹیاں صدر کے پاس گئی تھیں، اس وقت بھی بی ایس پی ان کے ساتھ نہیں تھی۔حالانکہ پارٹی نے بعد میں اس مسئلے کو لے کر صدر رام ناتھ کووند سے ملاقات کی تھی۔وہیں اس میٹنگ میں سماجوادی پارٹی (ایس پی)اور کانگرس کے نئے اتحاد پارٹنر شیوسینا کے شامل ہونے کا امکان ہے۔